مرکز سے ہنمنت راؤ کا مطالبہ، تلنگانہ ریاست میں صرف ایک خاندان کو فائدہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف موجود سی بی آئی مقدمات پر فوری کارروائی کی جائے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے سی آر کے خلاف منی لانڈرنگ اور دیگر الزامات کے تحت سی بی آئی کے مقدمات موجود ہیں لیکن مرکزی حکومت کارروائی کے بغیر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مرکز کی خاموشی پر سوال ا ٹھائے اور کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے سی آر سے آخر کیوں ہمدردی کر رہے ہیں۔ آر ٹی سی ہڑتال کے پس منظر میں مرکز کو فوری مداخلت کرتے ہوئے کے سی آر کے مقدمات پر کارروائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے امیت شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تحقیقاتی اداروں کو ہدایات جاری کریں۔ آر ٹی سی ہڑتال سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے سی آر کو دستور سے واقفیت نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ آر ٹی سی کی ہڑتال کو غیر قانونی قرار دے رہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے سوال کیا کہ کس قانون کے تحت کے سی آر نے تلنگانہ تحریک کے دوران ہڑتال کی تھی۔ کے سی آر 80,000 کتابیں پڑھنے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن انہوں نے ایک دستور کی کتاب ہی نہیں پڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک صرف کے سی آر کی جدوجہد کا نتیجہ نہیں تھی بلکہ سینکڑوں قربانیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل سے امید کی جارہی تھی کہ عوام کا بھلا ہوگا لیکن نئی ریاست میں صرف کے سی آر خاندان کی بھلائی ہوئی ہے۔ کے سی آر عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے دوسری مرتبہ برسر اقتدار آ گئے ۔ انہوں نے کے سی آر کے اس دعویٰ کو مسترد کردیا کہ وہ آر ٹی سی ملازمین کے لئے ایک باپ کی طرح ہمدرد دل رکھتے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ایک مشفق باپ سے مخالف ورکرس فیصلوں کی امید کس طرح کی جاسکتی ہے۔ ہنمنت راؤ نے 5 نومبر کی آدھی رات تک ملازمین کو رجوع بکار ہونے کی مہلت دیئے جا نے کو غیر جمہوری قرار دیا گیا ۔ آر ٹی سی ورکرس کے درمیان پھوٹ پیدا کرتے ہوئے کے سی آر ہڑتال کو ناکام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس سنگین مسئلہ پر کے سی آر نے آج تک آل پارٹی میٹنگ اور ورکرز کی تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کیوں نہیں کیا ۔ تلنگانہ میں تاحال 16 آر ٹی سی ملازمین کی موت واقع ہوچکی ہے جس کے لئے کے سی آر ذمہ دار ہیں ۔ کے سی آر کے توہین آمیز بیانات کے سبب آر ٹی سی ملازمین خودکشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں کے سی آر کی مخالف ورکرس پالیسیوں کا شدت سے مقابلہ کریں گے ۔