کے سی آر کے قومی سیاست میں قدم رکھنے کی سرگرمیاں‘جھنڈا اور ایجنڈہ تیار

,

   

ٹی آر ایس ، بی آر ایس میں تبدیل ہوگی ، دسہرہ کو اعلان متوقع ، آج کرناٹک کے سابق چیف منسٹر کمارا سوامی کی آمد
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کے لیے مشاورت کا آغاز کردیا ہے ۔ اس سلسلے میں آج کرناٹک کے سابق چیف منسٹر کمارا سوامی حیدرآباد پہونچ رہے ہیں ۔ جن سے کے سی آر تفصیلی مذاکرات کریں گے ۔ اسمبلی کے مانسون سیشن اور تلنگانہ قومی یکجہتی پروگرام کے بعد ملک کے مختلف ریاستوں کا دورہ کرنے کی منصوبہ بندی تیار کررہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر قومی سیاست میں سرگرم رول ادا کرنے کا دسہرہ کو اعلان کرسکتے ہیں اور قومی پارٹی میں اہم رول ادا کرنے کے لیے ابھی تک نائب صدر نشین تلنگانہ منصوبہ بندی کمیشن بی ونود کمار چیف منسٹر کے سی آر کی دختر و ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا سابق ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری ایم ایل سی پی راجیشور ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین کی ایک فہرست تیار کی جارہی ہے ۔ جو قومی جماعت میں اہم رول ادا کرنے کے ساتھ چیف منسٹر کے سی آر کے علاوہ دوسری جماعتوں کے قائدین سے رابطہ میں رہیں گے ۔ ٹی آر ایس کی جانب سے قومی سیاست میں گرانڈ انٹری کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ قومی پارٹی کا نام ، جھنڈا اور ایجنڈے کو تقریبا قطعیت دے دیا گیا ہے ۔ پارٹی کے اعلان کے وقت قومی مفادات کو اہمیت دینے کا خصوصی ایجنڈہ تیار کیا گیا ہے ۔ مختلف پارٹیوں کے چیف منسٹرس اور مختلف پارٹیوں کے قائدین کو مدعو کرنے کی بھی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ نئی پارٹی کے خیر مقدم کے لیے تلنگانہ کے بشمول ملک کے دیگر ریاستوں میں جشن منانے کی حکمت عملی بھی تیار کی جارہی ہے ۔ قومی پارٹی کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر دو ماہ تک ملک کے مختلف ریاستوں اور شہروں کا دورہ کریں گے ۔ جس کے شیڈول کو بھی قطعیت دی جارہی ہے ۔ پارٹی کے ایجنڈے میں زرعی شعبہ کی ترقی ، مفت برقی ، ریتو بندھو ، ریتو بیمہ کے علاوہ ریاست تلنگانہ میں عمل ہونے والی مقبول عام فلاحی اسکیمات کا احاطہ کیا جائے گا ۔ کسانوں ، دلتوں ، نوجوانوں ، فوجیوں کے علاوہ دوسرے طبقات کو پارٹی کے ایجنڈے میں خصوصی اہمیت دی جائے گی ۔ ٹی آر ایس کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ پارٹی جھنڈے کا رنگ گلابی ہوگا جس میں ہندوستان کا نقشہ ہوگا ۔ ٹی آر ایس کو ’ بی آر ایس ‘ میں تبدیل کرنے کا قوی امکان ہے ۔ ٹی آر ایس کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرنے کے لیے چند قومی قائدین حیدرآباد آئیں گے اور چند قومی قائدین سے ملاقات کرنے کے لیے دہلی اور دوسری ریاستوں کا دورہ کریں گے ۔ بتایا جارہا ہے کہ چیف منسٹر مغربی بنگال سے ملاقات کرنے کے لیے کے سی آر مغربی بنگال بھی جائیں گے ۔ حالیہ چند ماہ کے مختلف دوروں کے دوران کے سی آر نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار ، آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو ، چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے علاوہ دوسرے قائدین سے ملاقات کرچکے ہیں اور ملک کی معیشت پر ماہرین معاشیات اور سابق آئی اے ایس آفیسرس ، کسان قائد راکیش ٹیکٹ کے علاوہ چیف منسٹر جھارکھنڈ سے بھی ملاقات کرچکے ہیں ۔ اپنی پارٹی کے ایجنڈے کو ملک بھر کے عوام تک پہونچانے کے لیے ہندی اور انگریزی ٹیلی ویژن چینلس شروع کرنے پر بھی سنجیدگی سے غور کررہے ہیں اور دہلی میں سینئیر صحافیوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی رائے اور تجاویز بھی حاصل کرچکے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر قومی سیاست میں دھماکہ دار انٹری دینے کے لیے پوری طرح گراونڈ تیار کرچکے ہیں ۔۔ ن