کے سی آر کے وعدہ کی تکمیل کیلئے 10 لاکھ سے زائد افراد منتظر

   

اولڈ ایج پنشن کی عمر 57 سال کرنے کا وعدہ دو سال سے پورا نہیں ہوا
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں 10 تا 15 لاکھ افراد گذشتہ 2 برسوں سے حکومت کی جانب سے وظیفہ کی منظوری کے منتظر ہیں کیونکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 2018 انتخابات کے موقع پر ضعیفوں کیلئے اولڈ ایج پنشن کی عمر کو 60 سے گھٹاکر 57 کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ چیف منسٹر کے اس وعدہ کی تکمیل کے سلسلہ میں آسرا اسکیم پنشن کے تحت تقریباً دس تا پندرہ لاکھ افراد نے پنشن کیلئے درخواستیں داخل کی ہیں۔ چیف منسٹر جب بھی اس وعدہ کی تکمیل میں احکام جاری کریں گے ان درخواست گذاروں کو پنشن منظور کیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 57 تا 60 سال عمر کے 10 لاکھ سے زائد افراد نے نئی اسکیم کے تحت درخواستیں داخل کی ہیں۔ چیف منسٹر کے وعدہ کو دو سال مکمل ہوگئے لیکن درخواست گذاروں کو امید برقرار ہے کہ کسی نہ کسی وقت ان کیلئے اچھے دن آئینگے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت کے احکامات کا انتظار ہے اور درخواستوں کی جانچ مکمل کرکے درخواست گذاروں کی فہرست تیار کرلی ہے۔ 57 سال سے زائد عمر کے افراد کے سلسلہ میں حکومت نے کوئی احکام جاری نہیں کئے۔ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو ماہانہ 2016 روپئے وظیفہ جاری کیا جاتا ہے۔ اگر چیف منسٹر اپنے وعدہ کی تکمیل کرتے ہیں تو سرکاری خزانہ پر 3600 تا 4000 کروڑ کا اضافی بوجھ عائد ہوگا۔