امداد کی تقسیم کو سیاسی رنگ، وی ہنمنت راؤ کی شکایت
حیدرآباد ۔23 اپریل(سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ٹی آر ایس پر الزام عائد کیا کہ وہ لاک ڈاؤن میں امدادی کاموں کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے حکومت پر اپوزیشن کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کورونا وائرس اور لاک ڈاون کے مسئلہ پر تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس سے بات چیت کررہے ہیں۔ لاک ڈاؤن کو ایک ماہ مکمل ہوگیا لیکن چیف منسٹر نے ایک بھی سیاسی جماعت سے بات چیت نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کی اہمیت ہوتی ہے لیکن چیف منسٹر ڈکٹیٹرشپ انداز میں حکمرانی کر رہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے سماجی اور رضاکارانہ تنظیموں کو ریلیف کے کاموں کی انجام دہی سے روکنے پر تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور ٹی آر ایس قائدین عوام میں غذا تقسیم کر رہے ہیں لیکن سماجی تنظیموں کو اس کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر این جی اوز کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی تو عوام فاقہ کشی پر مجبور ہوجائیں گے۔ حکومت سے زیادہ غیر سرکاری تنظیمیں ریلیف کے کام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹرس کو اپوزیشن سے رائے حاصل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ وہ صرف عہدیداروں کی تجاویز پر عمل کر رہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے 27 اپریل کو ٹی آر ایس کے یوم تاسیس کے موقع پر کے سی آر کی تصویر کے ساتھ ماسک کی تقسیم کے فیصلہ پر اعتراض کیا اور کہا کہ کورونا وباء کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات میں فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماسک تقسیم کرنے سے زیادہ ٹی آر ایس قائدین کو مستحقین اور غریبوں میں اناج تقسیم کرنا چاہئے ۔