کے سی آر کے پسندیدہ علاقہ حسن آباد سے بی آر ایس کی انتخابی مہم کا آغاز

   

عوام خوش کن وعدوں سے گمراہ نہ ہوں، بی آر ایس کو ایک موقع اور دینے کی اپیل

حیدرآباد۔/15 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے پسندیدہ مقام حسن آباد سے بی آر ایس کی انتخابی مہم کا آغاز کیا۔2014 اور 2018 اسمبلی انتخابات میں کے سی آر نے حسن آباد سے انتخابی مہم شروع کی تھی اور دونوں مرتبہ اقتدار حاصل ہوا۔ اس طرح کے سی آر کیلئے حسن آباد نیک شگون تصور کیا جاتا ہے اور آج انتخابی منشور کی اجرائی کے فوری بعد انہوں نے حسن آباد پہنچ کر بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ کے سی آر نے عوام سے اپیل کی کہ حسن آباد کے جلسہ عام کو بی آر ایس کی کامیابی میں تبدیل کریں اور پارٹی کو 95 سے 105 نشستوں پر کامیابی دلائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیاسی پارٹیوں کے خوش کن وعدوں کا شکار نہ ہوں کیونکہ زیادہ تر پارٹیاں عوام کو ناقابل عمل اعلانات کے ذریعہ گمراہ کررہی ہیں۔ گذشتہ نو برسوں کے دوران تلنگانہ نے ہر شعبہ میں مثالی ترقی کی ہے اور ملک کی نمبر ون ریاست بن چکی ہے۔ عوام اگر ایک موقع دیں تو تلنگانہ کو فلاح و بہبود اور ترقی کی ریاست میں تبدیل کیا جائے گا۔ کے سی آر نے کہا کہ حسن آباد وہ مقام ہے جہاں میں نے 2018 میں مہم کا آغاز کیا اور پارٹی کو88 نشستیں حاصل ہوئی تھیں اس مرتبہ میں اس یقین کے ساتھ حسن آباد پہنچا ہوں کہ بی آر ایس کو تیسری مرتبہ اقتدار حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ برقی، پانی، انفرادی آمدنی، آبپاشی، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تلنگانہ دیگر ریاستوں سے آگے ہے۔ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ حسن آباد کے جلسہ عام سے بی آر ایس کو 95 تا 105 نشستیں حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے دس مرتبہ اقتدار کا موقع دیا لیکن تلنگانہ کی ترقی کو فراموش کیا گیا۔ تلنگانہ جو تاریکی اور پسماندگی کا شکار تھا آج روشنی اور ترقی کی ریاست بن چکا ہے۔ کے سی آر خصوصی ہیلی کاپٹر سے حسن آباد پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیر صحت ہریش راؤ اور دوسروں نے خطاب کیا۔