کے سی آر 31 اضلاع کے نام گن کر بتائیں سابق بی جے پی رکن اسمبلی کا چیلنج

   

حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست (سیاست نیوز) بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی این وی ایس ایس پربھاکر نے چیف منسٹر کو چیلنج کیا کہ وہ تلنگانہ کے 31 اضلاع کے نام گن کر بتائیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں کرپشن اور بدعنوانیاں عروج پر ہیں۔ کلکٹرس کانفرنس میں یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ نظم و نسق میں کرپشن عام ہوچکا ہے۔ پربھاکر نے کہا کہ عہدیدار اس بات کو لیکر الجھن کا شکار ہیں کہ چیف منسٹر کب اور کیا بات کریں گے۔ کے سی آر کے غیر دانشمندانہ فیصلوں کے نتیجہ میں تلنگانہ مسائل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے ابھی تک ایک بھی ضلع کا تفصیلی دورہ نہیں کیا۔ انتخابی مہم کے علاوہ نظم و نسق کے لئے کے سی آر نے ریاست کے دورہ کی فکر نہیں کی۔ ٹی آر ایس حکومت کو سرسلہ اور گجویل اسمبلی حلقوں کے علاوہ کوئی اور حلقہ دکھائی نہیں دیتا۔

۔2023 ء میں کانگریس کا اقتدار یقینی: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا متبادل صرف کانگریس پارٹی ہے۔ دیور کنڈہ میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کبھی مستحکم نہیں ہوسکتی۔ گزشتہ پانچ برسوں میں بی جے پی نے تلنگانہ کے مفادات کے تحفظ کے لئے کچھ نہیں کیا۔ مرکزی حکومت سے تلنگانہ کیلئے فنڈس اور پراجکٹس کے حصول میں بی جے پی قائدین ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2023 ء میں ٹی آر ایس کی شکست اور کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے گزشتہ پانچ برسوں میں ایک بھی پراجکٹ مکمل نہیں کیا اور تمام جاریہ پراجکٹس بے قاعدگیوں سے پر ہے۔ اس اجلاس سے سابق اپوزیشن لیڈر جانا ریڈی اور سابق رکن اسمبلی بالو نائک نے مخاطب کیا۔