کے سی آر 5 اور ہریش راؤ 6 جون کو حاضر ہوں گے

   

Ferty9 Clinic

:کالیشورم کمیشن کی نوٹس معاملہ :
ہریش راؤ کی کے سی آر سے طویل ملاقات، قانونی اُمور کا جائزہ، کے ٹی آر کا دورۂ امریکہ مختصر

حیدرآباد ۔ 28 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ نے ایراولی فارم ہاؤز پہنچ کر پارٹی سربراہ کے سی آر سے تقریباً 4 گھنٹے طویل ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران کالیشورم کمیشن کی نوٹس کا جائزہ لیا گیا اور کمیشن کے سامنے 5 اور 6 جون کو حاضر ہونے کا فیصلہ کیا۔ اس ملاقات میں کالیشورم کمیشن کے کمشنر کی نوٹس، ویجیلنس رپورٹ، نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی (NDSA) کے مشوروں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈیم کے لیکیجس اور پلرس کے پانی میں دھنس جانے کے علاوہ دیگر اُمور پر بھی بات چیت کی گئی۔ این ڈی ایس اے اور ویجیلنس رپورٹ کی تیکنیکی مسائل پر کے سی آر نے ان سے قبل کمیشن کے سامنے حاضر ہونے والے ریٹائرڈ انجینئر سے بھی فون پر بات چیت کی اور ان سے پوچھے گئے سوالات کے بارے میں بھی تفصیلات حاصل کیں۔ بی آر ایس کے سابق رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے کہا کہ کے سی آر اور ہریش راؤ کمیشن کے سامنے حاضر ہوں گے اور سوالات کے جواب بھی دیں گے۔ پارٹی ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس ملاقات کے دوران دونوں قائدین نے کمیشن کے روبرو حاضر ہونے کی تیاری کرلی ہے۔ اس سے قبل کے سی آر کمیشن کے روبرو حاضر نہیں ہوئے تھے بلکہ عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے کمیشن کے سابق صدرنشین کی شکایت کی تھی، لیکن اس مرتبہ کمیشن کے سامنے حاضر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی آر ایس ذرائع نے بتایا کہ اگر کے سی آر اس مرتبہ کمیشن کے سامنے حاضر نہیں ہوتے ہیں تو اس کا عوام میں غلط پیام جائے اور حکمران کانگریس اور بی جے پی اس کا سیاسی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ اس کیلئے پارٹی صدر نے کمیشن کے روبرو حاضر ہونے سے آمادگی ظاہر کی ہے۔ واضح رہے کہ کے ٹی آر امریکہ کے دورہ پر ہیں، لیکن وہ اپنے والد کو نوٹس ملنے کے سبب اپنا دورہ مختصر کرتے ہوئے 4 جون کو حیدرآباد پہنچ جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق جس دن کے سی آر کمیشن سے رجوع ہوں گے، اس دن پارٹی اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ بالخصوص حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف کے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو شہر میں جمع کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔2