کے سی آر اور جگن کی دوستی تلنگانہ کیلئے نقصان دہ : اتم کمار ریڈی

   

حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیاکہ کے سی آر اور جگن موہن ریڈی کی دوستی تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کا سبب بن رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ دریائے کرشنا سے رائلسیما کو پانی کے حصول کے مسئلہ پر کے سی آر کی خاموشی معنی خیز ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دونوں چیف منسٹرس کی ملی بھگت کے ذریعہ آندھراپردیش سری سیلم پراجکٹ سے زائد پانی حاصل کرنے کا فیصلہ کرچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش حکومت کے فیصلوں پر چیف منسٹر کے سی آر ابتداء سے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ جگن نے اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ پوتی ریڈی پاڈو پراجکٹ کے لئے کرشنا سے پانی حاصل کیا جائے گا لیکن کے سی آر خاموش رہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر اور جگن کی ایک سے زائد مرتبہ گرمجوشانہ ملاقات ہوئی ہے لیکن کیا اِن ملاقاتوں میں پوتی ریڈی پاڈو موضوع بحث نہیں رہا یا پھر دونوں چیف منسٹرس کی ملی بھگت ہے اِس کا خلاصہ ہونا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ کالیشورم سے زیادہ پانی آندھراپردیش دریائے کرشنا سے حاصل کررہا ہے۔ کے سی آر تلنگانہ کے حصول کے تحفظ میں ناکام ہوچکے ہیں اور وہ صرف بلند بانگ دعوے کررہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ پوتی ریڈی پاڈو پراجکٹ سے تلنگانہ کے کئی اضلاع خشک سالی کا شکار ہوجائیں گے۔ حیدرآباد کو پانی کے پانی کی سربراہی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ اُنھوں نے کے سی آر سے مطالبہ کیاکہ وہ محض دعوے کرنے کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعہ اپنی سنجیدگی ثابت کریں۔