کے سی آر بی جے پی کے ایجنٹ، سیکولر ووٹ تقسیم کرنے کی سازش

   

فہرست رائے دہندگان سے 30 لاکھ نام حذف، الیکشن کمیشن کا جانبدارانہ رویہ، ششی دھر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔11 جنوری (سیاست نیوز) سینئر کانگریسی قائد اور صدر نشین تلنگانہ پردیش کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی ایم ششی دھر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو ملک میں سکیولر ووٹ تقسیم کرنے کے لیے بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں۔ فیڈرل فرنٹ کے قیام کا نعرہ دراصل بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی ایک کوشش ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ششی دھر ریڈی کہا کہ کے سی آر مختلف علاقائی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ملک میں صحتمند تبدیلی کا دعوی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں جمہوریت کا قتل کرنے والے کے سی آر دوسری پارٹیوں کو دراصل کامیابی کا طریقہ سمجھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تلنگانہ میں 30 لاکھ رائے دہندوں کے نام فہرست سے خارج کرتے ہوئے کے سی آر نے کامیابی حاصل کی اسی طرح دیگر ریاستوں میں چیف منسٹرس کو مخالفین کے نام حذف کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کے سی آر نے جمہوریت کا جس انداز میں مذاق اڑایا ہے اس بارے میں علاقائی جماعتوں کو واقف کرایا جائے گا۔ کے سی آر نے جن قائدین سے ملاقات کی انہیں کانگریس پارٹی مکتوب روانہ کرتے ہوئے تفصیلات پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کانگریس پارٹی کے بغیر کوئی بھی سکیولر اتحاد کامیاب نہیں ہوسکتا۔ غیرکانگریس اور غیر بی جے پی محاذ کا اعلان کرنا دراصل بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی ایک سازش ہے۔ کے سی آر ہمیشہ ہی بی جے پی کے بارے میں نرم گوشہ رکھتے ہیں اور لوک سبھا انتخابات کے بعد ضرورت پڑنے پر وہ بی جے پی سے مفاہمت کر لیں گے۔ ششی دھر ریڈی نے سنٹرل الیکشن کمیشن اور ریاستی لیکشن کمیشن پر برسر اقتدار ٹی آر ایس کے اشارے پر کام کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان سے ناموں کو حذف کیئے جانے کے سلسلہ میں کانگریس نے جب ثبوت کے ساتھ نمائندگی کی تو چیف الیکٹورل آفیسر نے غلطیوں کا اعتراف کیا لیکن آج تک قصوروار کون ہے ان کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ جب تک قصورواروں کو سزاء نہیں دی جائے گی عوام کس طرح الیکشن کمیشن پر بھروسہ کریں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ 2015ء میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات سے ہی کے سی آر نے یہ سازش شروع کی تھی اور یہی فہرست لوک سبھا انتخابات میں استعمال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کی الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی نے غلطیوں کو بے نقاب کیا لیکن پارٹی اسے عوام تک پہنچانے میں ناکام ہوئی۔ جس کا خمیازہ شکست کی صورت میں دیکھنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں بے قاعدگیوں پر کانگریس خاموش نہیں رہے گی اور گائوں گائوں پہنچ کر ٹی آر ایس اور الیکشن کمیشن کو بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن محض غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو بہلانے کی کوشش کررہا ہے لیکن ہم دھوکے میں آنے والے نہیں۔ ششی دھر ریڈی نے تلنگانہ کابینی اجلاس میں چیف الیکٹورل آفیسر اور الیکشن کمیشن کا اظہار تشکر کرنے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ انتخابات میں برسر اقتدار پارٹی کے حق میں کام کرنے پر چیف منسٹر نے شکریہ ادا کیا ہے۔ ہندوستان کی جمہوریت دنیا بھر میں قدر اور احترام سے دیکھی جاتی ہے۔ لیکن کے سی آر نے اس کا قتل کردیا اور الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا رہا۔