ہائی کورٹ کی سرزنش کے باوجود بے شرمی کا رویہ، عدالت کو گمراہ کرنے کا الزام
حیدرآباد۔ 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے ریمارک کیا کہ کے سی آر جیسا ضدی چیف منسٹر انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں آج تک نہیں دیکھا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت رائو نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال ہو یا پھر عوام کو درپیش دیگر مسائل، چیف منسٹر کا ہٹ دھرمی کا رویہ نقصاندہ ثابت ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں آر ٹی سی ملازمین کو استعمال کیا گیا اور ان کی خوب تعریف کی گئی لیکن آج وہی آر ٹی سی ملازمین کے سی آر کے لیے برے ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ہڑتال سے نمٹنے میں چیف منسٹر کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے۔ انہوں نے ملازمین کی خودکشی اور طبعی موت پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غور کرنے کے بجائے آر ٹی سی کو خانگیانے کی ٹھان لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے مسئلہ پر ہائی کورٹ کی جانب سے حکومت کی سرزنش کے باوجود کے سی آر کو شرم نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے مسائل جس قدر جلد حل کئے جائیں اس قدر بہتر رہے گا۔ ہنمنت رائو نے ریمارک کیا کہ ہزاروں کتابیں پڑھنے والے کے سی آر دراصل دستور پڑھنا بھول گئے ہیں۔ ملازمین کی تنخواہوں کے مسئلہ پر عدالت کو غلط معلومات فراہم کرتے ہوئے گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ آر ٹی سی کو کس طرح ضم کرنا ہے کے سی آر کو اپنے پڑوسی دوست جگن موہن ریڈی سے سیکھنا چاہئے۔