کے سی آر حکومت ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر میں ناکام

   

بی جے پی رکن پارلیمنٹ اروند کا الزام،پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کی شکایت
حیدرآباد ۔5۔ فروری (سیاست نیوز) بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ڈبل بیڈروم مکانات کے مسئلہ پر خواتین سے دھوکہ دہی کی ہے ۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی اروند نے کہا کہ ریاست میں غریبوں کے لئے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کے بلند بانگ دعوے کئے گئے لیکن نظام آ باد شہر میں ایک بھی مکان تعمیر نہیں ہوا ہے ۔ مکانات کی تعمیر کے سلسلہ میں چیف منسٹر بے بنیاد دعوے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں غریب خواتین کیلئے مرکز کی آواس یوجنا اسکیم کے تحت مکانات الاٹ کئے گئے تھے ۔ مرکز نے اسکیم کے لئے ہزاروں کروڑ کا فنڈ جاری کیا لیکن تلنگانہ حکومت اسکیم پر عمل آوری میں سنجیدہ نہیں ہے۔ اروند نے کہا کہ غریب عوام کے لئے کے سی آر کسی عذاب سے کم نہیں۔ آواس یوجنا کے تحت مرکز نے جو ہزاروں کروڑ جاری کئے تھے، اسے خرچ نہیں کیا گیا۔ تلنگانہ حکومت مرکز سے مزید فنڈس کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ اسے چاہئے کہ اب تک جاری کئے گئے فنڈس کے خرچ کے بارے میں تفصیلات جاری کرے۔ 2016-17 ء میں پہلی قسط کے طور پر 190 کروڑ 70 لاکھ جاری کئے گئے لیکن ایک بھی غریب خاتون کے لئے مکان تعمیر نہیں کیا گیا ۔ اروند نے ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مکانات کی تعمیر اور فنڈس کے خرچ پر مشتمل وائیٹ پیپر جاری کر ے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤزنگ کمیٹی کے اجلاس میں تلنگانہ کی جانب سے کسی وزیر یا پھر عہدیدار نے شرکت نہیں کی۔ اروند نے کہا کہ ہم جب دورہ پر جاتے ہیں تو خواتین مکانات کے بار ے میں سوال کر رہے ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت ڈبل بیڈروم مکانات کے وعدہ پر دوسری مرتبہ منتخب ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی اور ریاست میں اس طرح کی بے قاعدگیاں نہیں ہے ۔ پڑ وسی ریاست میں ہزاروں مکانات تعمیر کئے گئے۔ کے سی آر آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر پر لاکھوں کروڑ روپئے خرچ کر رہے ہیں ۔ اسی رقم کے ذریعہ پرگتی بھون تعمیر کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت چاہے تو 6 ماہ میں مکانات کی تعمیر مکمل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کے سلسلہ میں حکومت 30 ہزار مکانات کی تعمیر کا دعویٰ کر رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں تفصیلات جاری کرنا چاہئے ۔