کے سی آر شراب نوشی کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں

,

   

سی پی آئی سکریٹری وینکٹ ریڈی کا الزام، اپوزیشن پر گھٹیا ریمارکس کی مذمت
حیدرآباد ۔6۔ مئی(سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ حکومت شراب نوشی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے شراب کی دکانات کھولنے کی اجازت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایسے وقت جب کورونا سے بچاؤ کے لئے سخت احتیاطی اقدامات کی ضرورت ہے ، حکومت نے شراب کی فروخت کی اجازت دے کر کورونا کا خطرہ بڑھا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری خزانہ میں آمدنی کے لئے شراب کی دکانات کو کھولنا عوامی زندگی سے کھلواڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراب کی خریدی کیلئے طویل قطاریں دیکھی جارہی ہیں جس میں عوام کا کوئی قصور نہیں۔ حکومت جب فروخت کی اجازت دے رہی ہے تو پھر خریدنے والے عوام کی کیا غلطی ہے۔ دراصل حکومت شراب نوشی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ سرکاری خزانہ بھر سکے۔ انہوں نے کہا کہ شراب کی فروخت سے زیادہ غیر منظم ورکرس اور غریبوں کی بھلائی پر توجہ دی جانی چاہئے تھی ۔ سی پی آئی قائد نے کسانوں کیلئے 25,000 روپئے تک کے قرضہ جات کی معافی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آرینج اور گرین زون علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کی صورت میں بعض رعایتوں کا اعلان کیا ہے ۔ ریڈ زون کے 15 کنٹینمنٹ علاقوں کو چھوڑ کر تینوں زونس میں شراب کی فروخت کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شراب کی فروخت کی اجازت سے لاک ڈاؤن کی پابندیاں ختم ہوچکی ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حکومت فلاحی اسکیمات کے نام پر ایک ہاتھ سے عوام کو امدادی رقم تقسیم کر رہی ہے تو دوسرے ہاتھ سے شراب فروخت کرتے ہوئے وہی رقم واپس لے رہی ہے۔ سی پی آئی قائد نے اپوزیشن کے بارے میں چیف منسٹر کے ریمارکس پر سخت اعتراض کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن تعمیری رول ادا کرتی ہے، اس کے بارے میں گھٹیا ریمارک کرنا چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے مناسب نہیں ہے ۔ سی پی آئی قائد نے کہا کہ کورونا پازیٹیو کیسس کی رفتار میں کوئی خاص کمی نہیں ہوئی ہے۔ اس کے باوجود حکومت کا لاپرواہی کا رویہ صورتحال کو بگاڑ سکتا ہے ۔