بی جے پی صدر بنڈی سنجے کا الزام، کارکنوں پر حملہ کی مذمت
حیدرآباد۔ بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ صرف اقلیتوں کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں انہوں نے دیگر طبقات کو نظرانداز کردیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنجے نے دعویٰ کیا کہ 2023 میں بی جے پی تلنگانہ میں برسراقتدار آئیگی۔ بی جے پی کے اقتدار پر آنے کے بعد تلنگانہ میں غریبوں کو انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر تلنگانہ حکومت عمل آوری سے گریز کررہی ہے۔ تلنگانہ حکومت اور کے سی آر نہیں چاہتے کہ فلاحی اسکیمات سے مودی کو شہرت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کمزور طبقات کے بھون تعمیر کرنے کے سی آر نے اراضی الاٹ نہیں کی برخلاف اس کے اقلیتوں کیلئے اراضی الاٹ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کے سی آر کا زوال یقینی ہے اور حکومت بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں میں ملوث ہے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ اگر ریاست میں بی جے پی کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا تو پارٹی پرگتی بھون کا گھیراؤ کریگی۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کیلئے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ ٹی آر ایس کارکنوں کی جانب سے حملوں کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا تو بی جے پی سبق سکھائے گی۔ سنجے کے دورہ کے موقع پر ٹی آر ایس کارکنوں نے احتجاج کی کوشش کی۔
