کے سی آر نے تعلیم، صحت اور زراعت کو نظرانداز کردیا

   

طلبہ، عوام اور کسان پریشان ہیں، کانگریس ترجمان پی رمیش کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 27ستمبر (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان پی رمیش نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت نے تعلیم، صحت اور زراعت جیسے اہم شعبوں کو نظرانداز کردیا ہے جس کے نتیجہ میں طلبہ، عوام اور کسان پریشان ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رمیش نے کہا کہ کے سی آر نے بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ جو وعدے کیے تھے ان کی آج تک تکمیل نہیں کی گئی۔ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں ترقی کے دعوے ضرور ہیں لیکن تلنگانہ کے نوجوانوں کی بیروزگاری جوں کی توں برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران وعدہ کیا تھا کہ دو لاکھ سے زائد مخلوعہ جائیدادوں پر فی الفور تقررات کیے جائیں گے لیکن گزشتہ چھ برسوں میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں آئی ٹی شعبے کی ترقی ہوئی ہے جبکہ کے ٹی راما رائو اس شعبے میں ترقی کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز میں ٹیچنگ اسٹاف کی کمی کے سبب تعلیم متاثر ہورہی ہے۔ سرکاری مدارس اساتذہ کی کمی کا شکار ہیں لیکن حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن غریب عوام بنیادی تعلیم سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی حکمرانی ڈکٹیٹرشپ کی طرح ہے اور دنیا میں ڈکٹیٹر حکمرانوں کا جو انجام ہوا ہے، کے سی آر کو سبق لینا چاہئے۔ ریاست میں وبائی امراض کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس ترجمان نے کہا کہ حکومت کو عوامی زندگی اور صحت کے تحفظ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ڈینگو اور دیگر امراض سے کئی اموات واقع ہوئی ہیں لیکن حکومت نے کوئی ہنگامی منصوبہ تیار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ہیلتھ ایمرجنسی جیسی صورتحال ہے۔ پی رمیش نے تلنگانہ میں معاشی بحران کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بجٹ میں کمی کے علاوہ فلاحی اسکیمات میں کمی کردی گئی ہے۔ ریاست میں جمہوریت کے بجائے ایک خاندان کی حکمرانی ہے اور سوال کرنے والی آوازوں کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر میں عوام ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے اور پدماوتی ریڈی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گی۔ انہوں نے کے سی آر پر میڈیا کی آزادی کو کچلنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ جگن موہن ریڈی اور کے سی آر مخصوص میڈیا کے ذریعہ اپنی تشہیر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکمرانوں کو عوامی بھلائی سے زیادہ اپنے حکومتوں کے تحفظ کی فکر ہے۔