کے سی آر نے دلتوں کو دھوکہ دیا سابق رکن پارلیمنٹ جی وویک کا الزام

   

حیدرآباد۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس سے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق رکن پارلیمنٹ جی وویک نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے ساتھ ہی کے سی آر نے دلتوں کو دھوکہ دیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وویک نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ تحریک کے دوران دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ریاست کی کی تشکیل کے ساتھ وعدہ کو فراموش کردیا گیا۔ وویک نے منچریال میں مختلف مقدمات کے تحت گرفتار کیئے گئے بی جے پی قائدین اور کارکنوں سے ملاقات کی اور الزام عائد کیا کہ حکومت بی جے پی کارکنوں کو جھوٹے مقدمات کے ذریعہ ہراساں کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس سے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو بطور خاص نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کے سی آر اپنے فرزند کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کے لیے سکریٹریٹ کی موجودہ عمارتوں کو منہدم کرتے ہوئے نئی عمارت تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر تغلق حکمرانی کی طرح فیصلے کرتے ہوئے عوامی رقومات کو ضائع کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آبپاشی پراجیکٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں ماہر انجینئرس کی خدمات حاصل کرنے کے بجائے ریٹائرڈ انجینئرس کو کام تفویض کیا گیا جس سے بھاری عوامی رقومات ضائع ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کارکنوں کو ہراساں کرنے کے لیے پولیس کا استعمال کیا جارہا ہے۔