کے سی آر نے 10 لاکھ سے زائد ملازمتیں فراہم کیں، بی جے پی نے ملک کو کیا دیا : کویتا

   


نظام آباد :24؍ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اگر حکومت عوام کی طرف سے منائے جانے والے تہواروں کو تسلیم کرتی ہے تو اس پر شاہی مہر لگائی جاسکتی ہے۔ پھولوں کے تہوار بتکماں کو سابقہ حکومتوں نے نظر انداز کردیا تھا۔لیکن ہماری ٹی آر ایس حکومت نے اس تہوار کو تسلیم کیا جس کی وجہ سے ہم اس تقریب کو شایان شان طریقے سے مناتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے ریاستی وزیر عمارات و شوارع ویمولا پرشانت ریڈی کے ہمراہ نظام آباد کے کمرپلی،بالکنڈہ منڈل میں منعقدہ بتکماں ساڑیوں کی تقسیم پروگرام سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بتکماں تہوار کے موقع پر وزیراعلیٰ کے سی آر ایک باپ اور بڑے بھائی کی حیثیت سے اپنی بیٹیوں اور بہنوں کو سالگرہ کے تحفہ کی طرح ساڑیاں فراہم کررہے ہیں۔کویتا نی کہا کہ تحریک کے قائد کے سی آر، چیف منسٹر ہونے کی وجہ سے تلنگانہ میں تمام طبقات کے عوام کے ساتھ انصاف کیا جارہا ہے۔دختر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی عوام کی پارٹی ہے۔ چاہے وہ اقتدار میں رہے یا نہ رہے ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر اپنے فرائض بخوبی نبھائیگی۔رکن کونسل نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی نے اعلان کیا ہے کہ 22 لاکھ نوکریاں دستیاب ہیں۔کویتا نے استفسار کیا کہ تو وہ پھر نوٹیفکیشن کیوں نہیں جاری کررہے؟روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے بی جے پی حکومت نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ صدر تلنگانہ جاگرتی نے کہا کہ صرف اقتدار حاصل کرنے کے لئے وہ عوام میں پھوٹ ڈال رہے ہیں۔ہماری پر امن ریاست میں بھی فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ایم ایل سی کویتا نے اپنے خطاب میں خواتین پر زور دیا کہ وہ بی جے پی سے مہنگائی میں زبردست اضافہ اور بے روزگاری کے بارے میں سوال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے اور ایم پی اروند سے کہا کہ وہ عوام کو بتائیں کہ مرکزی حکومت نے ان کے بلند و بالا دعووں کے باوجود کتنی ملازمتیں فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم کے سی آر نے نوجوانوں کو 2 لاکھ سے زیادہ عہدے اور 10 لاکھ سے زیادہ ملازمتیں فراہم کی ہیں اور پوچھا کہ بی جے پی نے ملک کو کیا دیا؟۔