حیدرآباد میں مقدمہ کے باوجود خیرسگالی کا مظاہرہ
حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو سالگرہ کے موقع پر یوں تو کئی قومی قائدین کی جانب سے مبارکبادی کے پیامات وصول ہوئے جن کا تعلق مختلف جماعتوں سے ہے لیکن اِس سالگرہ میں ایک غیر متوقع پیام مبارکباد موصول ہوا جس پر خود ٹی آر ایس حلقوں میں حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ کسی چیف منسٹر کی سالگرہ کے موقع پر دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس کی جانب سے مبارکباد دینا ایک رسم ہے لیکن آسام کے چیف منسٹر ہیمنت بسوا شرما نے کے سی آر کو ٹوئٹر پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ ہیمنت بسوا شرما کے خلاف تلنگانہ میں پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے اور چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اپنی دو پریس کانفرنسوں اور عام جلسوں میں راہول گاندھی کے خلاف ریمارکس پر چیف منسٹر آسام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آسام میں چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دستور سے متعلق اُن کے بیان پر مقدمہ درج کیا گیا۔ دونوں ریاستوں میں ایک دوسرے کے خلاف مقدمات اور کشیدہ ماحول کے باوجود ہیمنت بسوا شرما نے کے سی آر کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ہر کسی کو حیرت میں ڈال دیا۔ چیف منسٹر آسام نے ٹوئٹر پر ’’چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ جی کو صمیم قلب سے سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘ تحریر کیا۔ اُنھوں نے ماسمکھیا اور مہا پُرش سری منتا شنکر دیو کی جانب سے کے سی آر پر آشیرواد اور اُن کی درازیٔ عمر اور صحت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں کانگریس قائدین ہیمنت بسوا شرما کے خلاف سنگین دفعات عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کررہے ہیں۔ ر