کے سی آر کی دبئی میں سرمایہ کاری میٹ میں شرکت

   

حیدرآباد۔ 5 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو 6 تا 13 جنوری دبئی میں سرمایہ کاری میٹ میں شرکت کریں گے اور تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومت کی جانب سے صنعتوں کو دی جارہی سہولتوں اور مراعات کے بارے میں تفصیلات پیش کریں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق انویسٹرس میٹ میں کے سی آر پہلی مرتبہ شرکت کررہے ہیں اور وہ دنیا بھر سے آئے ہوئے صنعت کاروں سے تلنگانہ حکومت کی جانب سے مختلف اعلانات کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر کے ہمراہ حکومت کے چیف اڈوائزر راجیو شرما، پرنسپل سکریٹری برائے چیف منسٹر نرسنگ رائو، پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اروند کمار اور پرنسپل سکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ انڈسٹریز جیش رنجن اور دیگر عہدیدار دورے میں شامل رہیں گے۔ پرنسپل سکریٹری برائے بہبودیٔ حواتین و اطفال ایم جگدیشور اور پرنسپل سکریٹری ٹرانسپورٹ سنیل شرما کو اروند کمار اور جیش رنجن کے عہدوں کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی حکومت حیدرآباد میں کونسلیٹ کے قیام کی تجویز رکھتی ہے۔ یو اے ای کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے اپنے دورۂ حیدرآباد کے موقع پر یہ تجویز رکھی تھی۔ گزشتہ سال جون میں انہوں نے حیدرآباد کا دورہ کیا تھا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے متحدہ عرب امارات کے کونسلیٹ کے لیے اراضی الاٹ کرنے اور دیگر انفراسٹرکچر سہولتوں کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔ کے سی آر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے دعوت نامے کو قبول کیا تھا۔ تلنگانہ میں دوسری مرتبہ چیف منسٹر کے عہدے کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد کے سی آر کا یہ پہلا بیرونی دورہ ہے۔