کے سی آر کی سالگرہ کے موقع پر احتجاج کی کوشش پر ریونت ریڈی گرفتار

,

   

پولیس اسٹیشن کے روبرو کارکنوں کا دھرنا، کئی سینئر قائدین گھروں پر محروس یا حراست میں
حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی سالگرہ کے موقع پر کانگریس کی جانب سے احتجاج کی منصوبہ بندی کو پولیس نے ناکام بناتے ہوئے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کو گرفتار کرلیا۔ ان کے علاوہ کئی سینئر قائدین کو پولیس نے احتجاج سے قبل حراست میں لیا اور بعض کو مکانات پر محروس رکھا گیا۔ کانگریس نے چیف منسٹر کی سالگرہ کے دن بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ آج صبح سے ہی پولیس نے ریونت ریڈی کی قیامگاہ کو عملاً گھیر لیا اور اُنھیں باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی۔ ریونت ریڈی نامپلی کورٹ میں ایک مقدمہ کی سماعت کے موقع پر حاضری کے لئے گھر سے نکلے لیکن پولیس نے جانے نہیں دیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ عدالت میں حاضری ضروری ہے جس کے بعد وہ گاندھی بھون جائیں گے۔ پولیس عہدیداروں کا کہنا تھا کہ اُنھیں جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ریونت ریڈی اور پولیس کے درمیان بحث تکرار ہوئی جس کے بعد ریونت ریڈی نے زبردستی نکلنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے حراست میں لے لیا اور گولکنڈہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ ریونت ریڈی کی قیامگاہ کے روبرو کانگریس کارکنوں کی کثیر تعداد نے گرفتاری کے خلاف دھرنا منظم کیا۔ گولکنڈہ پولیس اسٹیشن کے روبرو دھرنا دینے والے کئی قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔ حیدرآباد میں سینئر قائدین کو مکانات پر محروس رکھا گیا جن میں محمد علی شبیر، سمپت کمار، مہیلا کانگریس کی صدر سمیتا راؤ، یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی اور دیگر قائدین شامل ہیں۔ سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی اور اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون کو بھی مکانات پر محروس رکھا گیا۔ رہائی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ 17 فروری کو کے سی آر کی سالگرہ کے موقع پر یوم بیروزگاری منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سالگرہ کے موقع پر تقررات کے نوٹیفکیشن کی اجرائی کے مطالبہ پر کانگریس قائدین کی گرفتاری شرمناک ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اہم قائدین کے انتقال پر تعزیتی ایام کا اعلان کیا جاتا ہے لیکن یہاں بقید حیات چیف منسٹر کی سالگرہ تقاریب 3 دن تک منائی گئیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر حکومت کے رویہ کو دیکھنے کے بعد یہ خیال آرہا ہے کہ اگر تلنگانہ میں نکسلائٹس ہوتے تو بہتر ہوتا۔ اُنھوں نے کہاکہ بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ کے سی آر حکومت نے گزشتہ 8 برسوں میں دھوکہ دیا ہے۔ تلنگانہ ریاست میں صرف کے سی آر خاندان کی بھلائی ہوئی ہے۔ اُنھوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس پر تنقید کی اور کہاکہ پولیس برسر اقتدار پارٹی کے اشاروں پر کام کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر ایسے پولیس عہدیداروں کو سبق سکھایا جائے گا جنھوں نے حکومت کے اشارہ پر اپوزیشن کو کچلنے کی کوشش کی۔ ر