کے سی آر کے جیل جانے کے دن قریب : ڈی اروند

   

تلنگانہ کی صورتحال پر مرکز کی گہری نظر، عدالت کو گمراہ کرنے کا الزام
حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) نظام آباد کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر کے جیل جانے کے دن قریب آچکے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اروند نے کہاکہ آر ٹی سی ہڑتال کے مسئلہ پر کے سی آر حکومت نے ہائیکورٹ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ عدالت نے ایک سے زائد مرتبہ عہدیداروں کی سرزنش کی اور غلط اعداد و شمار پیش کرنے پر کارروائی کا انتباہ دیا۔ اروند نے کہاکہ چیف منسٹر نے دستور پر حلف لیا لیکن اُنھیں عدلیہ کا احترام عزیز نہیں ہے۔ ہائیکورٹ کی ہدایات کے باوجود نہ صرف تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں بلکہ مذاکرات کے لئے یونین کو مدعو نہیں کیا گیا۔ ڈی اروند جو ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈی سرینواس کے فرزند ہیں، کہاکہ چیف منسٹر کا یہ رویہ برقرار رہا تو جیل جانے کے دن قریب آچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت تلنگانہ کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی کی اراضیات کو فروخت کرنے کے لئے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ سازش کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی کے اثاثہ جات پر چیف منسٹر کی نظر ہے جو اپنے قریبی افراد میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ آر ٹی سی ملازمین کی خودکشی کے واقعات کے باوجود چیف منسٹر کا ہٹ دھرمی کا رویہ افسوسناک ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کی خاموشی باعث حیرت ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ شکست کے خوف سے کے سی آر نے مجالس مقامی کے انتخابات کا شیڈول جاری نہیں کیا ہے۔