کے سی آر کے یکطرفہ فیصلوں سے عوام کو مشکلات: چاڈا وینکٹ ریڈی

   

ریونیو ایکٹ میں من مانی تبدیلیوں کے خلاف احتجاج کی دھمکی، کودنڈارام کا بیان

حیدرآباد۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر یکطرفہ فیصلوں کے ذریعہ عوام کو مشکلات سے دوچار کررہے ہیں۔ ریونیو ایکٹ میں تبدیلی کے مسئلہ پر منعقدہ رائونڈ ٹیبل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ محکمہ جات ریونیو اور برقی کے درمیان کئی مسائل موجود ہیں۔ ریونیو قانون کے لیے حکومت نے ابھی تک مسودہ تیار نہیں کیا ہے اور تبدیلی کے بارے میں عوام میں مختلف شبہات پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی زندگی سے کھلواڑ کررہی ہے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے حکومت پر کسانوں سے کیے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کا الزام عائد کیا اور کہا کہ رائتو بیما اور رائتو بندھو اسکیم کے علاوہ کسانوں کو قرض فراہمی کو فراموش کردیا گیا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے حکومت پر من مانی فیصلوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کو صرف اپنی سیاسی مفادات کی تکمیل کی فکر ہے۔ تلگودیشم کے رکن پولٹ بیورو آر چندر شیکھر ریڈی نے میونسپل ایکٹ میں تبدیلی کی مخالفت کی اور کہا کہ حکومت نے جو ترمیمات کی ہیں وہ دستور سے ٹکراتی ہیں۔