کے سی وینو گوپال سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ملاقات

   

حکومت و پارٹی امور پر تبادلہ خیال، میناکشی نٹراجن و دیگر قائدین کی بھی وینو گوپال سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی امور کے سی وینوگوپال نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر قائدین سے ملاقات کرکے حکومت اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وینو گوپال حیدرآباد میں پارٹی اجلاس اور جلسہ میں شرکت کیلئے آج صبح پہنچے۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور حکومت کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ حکومت کی دیڑھ سالہ کارکردگی سے ریونت ریڈی نے کے سی وینو گوپال کو واقف کروایا اور مختلف اسکیمات پر عمل کے اعداد و شمار حوالے کئے۔ انہوں نے مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل بی سی تحفظات کے تعین اور غیر منظم ورکرس کی امداد کیلئے عنقریب قانون سازی سے آگاہ کیا۔ وینو گوپال نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ پارٹی قائدین سے بہتر تال میل کے ذریعہ بنیادی سطح تک پارٹی استحکام کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بعض ناراض قائدین کی شکایات کی یکسوئی کا مشورہ دیا۔ تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے بھی کے سی وینو گوپال سے ملاقات کی اور ریاست کی صورتحال سے واقف کرایا۔ ذرائع کے مطابق کے سی وینو گوپال نے پارٹی میں اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ مجالس مقامی انتخابات کا متحدہ مقابلہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اسکیمات کانگریس کی کامیابی کیلئے کافی ہیں۔کے سی وینو گوپال نے نامزد عہدوں پر حقیقی کارکنوں کو مقرر کرنے کی ہدایت دی۔1