55 فیصد امیدوار داخلہ کے اہل، ٹاملناڈو سے زیادہ امیدواروںکی کامیابی کی اطلاعات
حیدرآباد ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست نیوز) قومی سطح پر پوسٹ گرائجویٹ، میڈیکل کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقدہ ’’نیٹ پی جی 2020‘‘ (NEET-PG-2020) کے نتائج نیشنل بورڈ آف اگزامنیشن (این بی ای) کی جانب سے جاری کئے گئے اور ان جاری کردہ نتائج کی روشنی میں نیٹ پی جی 2020ء میں شرکت کئے ہوئے 55 فیصد امیدار اہل (کامیاب) قرار دیئے گئے۔ بتایا جاتا ہیکہ ملک گیر سطح پر منعقدہ نیٹ پی جی 2020ء میں جملہ 1,67,102 امیدواروں نے درخواستیں داخل کئے تھے جن میں جملہ 1,60,888 امیدواروں نے شرکت کی اور 89,549 امیدوار کامیاب ہونے کا نیشنل بورڈ آف اگزامنیشن نے اعلان کیا ہے۔ اسی دوران کالوجی ہیلت یونیورسٹی تلنگانہ کے ذرائع نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ سے تقریباً 10 ہزار امیدواروں کے نیٹ پی جی 2020ء میں شرکت کی قوی توقع پائی جاتی ہے لیکن ان امیدواروں کے منجملہ ریاست سے کتنے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں ابھی کچھ واضح نہیں ہوسکا۔ بتایا جاتا ہیکہ ملک گیر سطح پر جملہ 41 شہروں میں نیٹ پی جی 2020ء امتحانات سے متعلق امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے اور امتحانی نتائج کی اجرائی کے بعد 3 فبروری سے امیدواروں کے حاصل کردہ نشانات کارڈز این بی ای کی جانب سے اپ لوڈ کئے جائیں گے اور نشانات کارڈز کے حصول پر جاریہ ماہ کے دوران ہی ملک گیر سطح پر پی جی میڈیکل کورسیس میں داخلوں سے متعلق درخواستوں کے ادخال سے متعلق عمل کا آغاز ہوگا جبکہ ریاست تلنگانہ میں درخواستوں کے ادخال سے متعلق عمل کا توقع ہیکہ 15 مارچ سے آغاز ہوگا۔ نیشنل بورڈ آف اگزامنیشن (قومی بورڈ برائے امتحانات) ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ جملہ 1200 نشانات پر مشتمل نیٹ پی جی 2020ء کے ٹسٹ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں جنرل ای ڈبلیو ایس امیدواروں کیلئے کٹ آف 366 نشانات، جنرل پی ایچ امیدواروں کیلئے 342 او بی سی، ایس سی، ایس ٹی امیدواروں کیلئے کٹ آف نشانات 319 مقرر کئے گئے ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ ریاست تلنگانہ کے گورنمنٹ و پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں جملہ 1,624 مختلف پوسٹ گرائجویٹ میڈیکل کورسیس کی نشستیں پائی جاتی ہیں جبکہ صرف گورنمنٹ پی جی میڈیکل کالجوں میں ہی جملہ 760 نشستیں پائی جاتی ہیں اور گذشتہ چند دن قبل ہی گورنمنٹ پی جی میڈیکل کالج کیلئے 54 پی جی نشستوں کی منظوری حاصل ہوئی ہے اور ان نشستوں پر نئے تعلیمی سال میں ہی داخلے دیئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہیکہ گذشتہ ماہ یعنی 5 جنوری کو منعقدہ نیٹ پی جی 2020ء امتحان میں ٹاملناڈو سے زیادہ تعداد میں امیدواروں کی کامیابی کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔