نارائن پیٹ :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق و شہری ترقی مسٹر کے تارک راماراو کے متوقع دورہ نارائن پیٹ کے سلسلہ میں آج ضلع کلکٹر نارائن پیٹ شریمتی ہری چندنا ، آئی اے ایس نے تمام محکمہ جات کے ضلعی اعلی افسران کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس ضلع کلکٹریٹ کانفرنس حال میں منعقد کرتے ہوئے ریاستی وزیر کے امکانی دورہ 10 جولائی کے متعلق ضروری ہدایات دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر موصوف صبح دس بجے نارائن پیٹ پہنچیں گے اور دوپہر تک شہر میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ انہوں نے تفصیلات بتلاتے ہوئے کہا کہ ٹکسٹائیل پارک ، تلنگانہ شہدا کے نام موسوم مارکٹ بلڈنگ کا سنگ بنیاد ، ضلع ہاسپٹل میں بچوں کے وارڈ ، چلڈرنس پارک اور سائنس پارک کا افتتاح انجام دیں گے ۔ انہوں نے ان پروگراموں اور دورے کے سلسلہ میں خصوصی افسران کو مختلف امور کی انجام دہی کیلئے مقرر کیا ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو جنگی خطوط پر وزیر موصوف کے متوقع دورے کے سلسلے میں کاموں کی انجام دہی کی ہدایت کی اور پرٹوکول کے ساتھ کاموں کو انجام دینے اور پروگرام کو کامیاب بنانے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر مسٹر چندرا ریڈی اور دیگر عہدیداران موجود تھے ۔