کمسن لڑکی کے قاتل کی گرفتاری کے ٹوئیٹ سے ریاستی وزیر کی دستبرداری
حیدرآباد۔15 ۔ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں سنگارینی کالونی کی 6 سالہ کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے معاملہ میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے درمیان ٹوئیٹر پر تکرار دیکھی گئی ۔ خاطی کی گرفتاری کے مسئلہ پر کے ٹی آر نے اپنے پہلے ٹوئیٹ سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی کہ پولیس خاطی کی تلاش میں ہے۔ انہوں نے اپنے پہلے ٹوئیٹ میں خاطی کی گرفتاری کی اطلاع دی تھی۔ ریونت ریڈی نے گرفتاری سے متعلق کے ٹی آر کے ٹوئیٹ کے بعد پولیس کی جانب سے خاطی کا پتہ دینے پر دس لاکھ روپئے کے اعلان پر تازہ ٹوئیٹ میں کے ٹی آر کو غیر ذمہ دار وزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کی جانب سے خاطی کی گرفتاری کی اطلاع دیئے جانے کے بعد پولیس نے دس لاکھ روپئے کا اعلان کیا۔ 12 ستمبر کو کے ٹی آر نے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے خاطی کی گرفتاری کی اطلاع دی تھی۔ تازہ ترین ٹوئیٹ میں کے ٹی آر نے اپنی اصلاح کرتے ہوئے کہا کہ انہیں گرفتاری کے بارے میں غلط اطلاع دی گئی ہے جس پر انہیں افسوس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خاطی کی گرفتاری کیلئے سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے۔ ٹی آر ایس حلقوں میں اس بات کو لے کر ناراضگی دیکھی گئی کہ بعض پولیس عہدیداروں نے کے ٹی آر کو گرفتاری سے متعلق غلط اطلاع دے کر الجھن پیدا کردی ہے۔ ریونت ریڈی نے آج سوال کیا کہ کے ٹی آر نے گرفتاری سے متعلق ٹوئیٹ ہوش میں رہ کر کیا یا نہیں۔ R