کے ٹی آر اور ہریش راؤ دماغی طور پر بیمار

   

کانگریس رکن اسمبلی مدھو سدن ریڈی کا الزام
حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جی مدھو سدن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ دماغی طور پر بیمار ہوچکے ہیں اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مدھو سدن ریڈی نے کہا کہ اقتدار سے محرومی نے دونوں قائدین کے دماغی توازن کو بگاڑ دیا ہے بہتر ہوگا کہ یہ دونوں اپنا علاج کروائیں تاکہ گمراہ کن بیانات کا سلسلہ بند ہو۔ انہوں نے کہا کہ دس سال میں جو بدعنوانیاں کی گئیں اس کے نتائج سے خوفزدہ ہیں۔ بی آر ایس حکومت کی جانب سے گذشتہ دس برسوں میں کی گئی بے قاعدگیوں کی جانچ جاری ہے اور بہت جلد حقائق عوام کے روبرو پیش کئے جائیں گے۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ کے ٹی آر کے برادر نسبتی کے فارم ہاوز پر پولیس اور ایکسائیزڈپارٹمنٹ کی کارروائی سے کئی انکشافات منظر عام پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے قرض معافی اور دیگر وعدوں کی تکمیل میں کانگریس حکومت نے ملک میں مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں عوام بی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔1