آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے اور چیرمین، وائس چیرمین کیلئے حکمت عملی
حیدرآباد ۔14 فبروری (سیاست نیوز) بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے اجرائی کے بعد ریاست میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ اس پس منظر میں بی آر ایس کے سربراہ کے چندرشیکھر راؤ کی نندی نگر میں واقع قیامگاہ پر بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور بی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے دیگر سینئر قائدین کے ساتھ ہنگامی اجلاس منعقد کیا۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اس اجلاس میں معلق بلدیات میں چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخابات کیلئے حکمت عملی طئے کی گئی۔ پارٹی قیادت نے پہلے ہی اعلان کردیا ہیکہ جن بلدیات میں معلق نتائج برآمد ہوئے ہیں، وہاں ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ ’’گلابی پرچم‘‘ لہرایا جائے۔ اجلاس میں خاص طور پر ان میونسپلٹیز پر توجہ مرکوز کی گئی جہاں آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں اور طاقت کا توازن غیریقینی ہے۔ 2
ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ اس معاملے میں بی آر ایس کے مقامی قائدین کو متحرک کردیا گیا ہے۔ آزاد امیدواروں کی تائید حاصل کرنے اور پارٹی کے کامیاب امیدواروں کو کیمپس میں منتقل کرنے کیلئے خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ مقامی قائدین اور پارٹی قیادت کے درمیان پل کا رول ادا کرتے ہوئے ہم آہنگی کو برقرار رکھیں اور چیرمین وائس چیرمین کے عہدوں پر کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔2