کے ٹی آر اچانک عوام میں پہونچ گئے ‘ عوام سے بات چیت

   

شاداب ہوٹل میں بریانی اور معظم جاہی مارکٹ پر آئسکریم بھی کھائی
حیدرآباد ۔ 18 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ انتخابات کی انتخابی مہم عروج پر ہے۔ تمام جماعتوں نے اپنی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر انتخابی مہم میں زیادہ سے زیادہ عوام کے قرب پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سرکاری تقاریب کے ساتھ انتخابی جلسوں، قائدین کے اجلاس، روڈ شو، ٹیلی ویژن انٹرویوز کے ساتھ مصروف ہیں۔ اسی حصہ کے طور پر گذشتہ ہفتہ نیلوفر کیفے میں عوام کے ساتھ وقت گذارا۔ کل رات پرانے شہر کی شاداب ہوٹل پہنچ کر سب کو حیرت زدہ کردیا۔ جمعہ کو خیرت آباد، جوبلی ہلز میں روڈ شو کے بعد کے ٹی آر مدینہ چوراہے پر شاداب ریسٹورنٹ پہنچے۔ انہیں اچانک اپنے درمیان دیکھ کر عوام خوش ہوگئے۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے بریانی عوام کے درمیان بیٹھ کر کھائی اور ان سے بات کی ۔ وہاں سے معظم جاہی مارکٹ پہنچے جہاں انہوں نے فیمس آئسکریم پر آئسکریم کھائی ۔ دونوں مقامات پر عوام کے ٹی آر سے خوشگوار انداز میں ملاقات کی اور سیلفی لینے میں دلچسپی دکھائی۔ اپنے دوروں کے ذریعہ کے ٹی آر عوام سے ملاقات کرکے بی آر ایس حکومت کی کارکردگی پر رائے حاصل کی۔ اپنے اس دورہ کی تصاویر کے ٹی آر نے سوشل میڈیا پر پیش کی جو تیزی سے وائرل ہوگئی ہیں۔ن