کے ٹی آر تلنگانہ میں صنعتی ترقی بڑھانے کوشاں

   

عہدیدراوں کو آئندہ 4 برسوں کیلئے منصوبہ سازی کی تاکید ، جائزہ اجلاس کا انعقاد
حیدرآباد۔13ستمبر(سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راماراؤ نے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے علاوہ محکمہ صنعت کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں جاری خصوصی معاشی زون کے ترقیاتی کاموں اور ان کی تکمیل کے سلسلہ میں رپورٹ پیش کریں ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آئندہ 4برسوں کا منصوبہ تیار کیا جائے کہ ریاست میں کس طرح سے صنعتی ترقی کو یقینی بنایاجاسکتا ہے۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران ملک کے علاوہ ریاست میں بھاری بیرونی سرمایہ کاری متوقع ہے اسی لئے ریاست تلنگانہ کے عہدیداروں کو بھی چاہئے کہ وہ ملک میں ہونے والی سرمایہ کاری میں اپنا حصہ حاصل کرنے کے لئے تیار رہیں۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست میں فوڈ پراسسنگ‘ فضائی شعبہ کے علاوہ الکٹرانکس میں بھاری سرمایہ کاری کئے جانے کا امکان ہے اسی لئے محکمہ جاتی عہدیداروں کو ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کی جانے والی حکمت عملی کے مطابق سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی مراعات کے متعلق معلومات بہم پہنچائے جانے کی ضرورت ہے۔مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے فیصلوں کے مطابق عہدیداروں کو اپنا ایکشن پلان تیار کرنا چاہئے اور انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنا ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے جلد از جلد انہیں پیش کریں۔انہوں نے بتایا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے تلنگانہ اہم ہے اور وہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کو محفوظ تصور کرتے ہیں۔مسٹر کے ٹی راماراؤ کی جانب سے طلب کردہ اس اجلاس میں مسٹر جئیش رنجن آئی اے ایس کے علاوہ دیگر محکمہ جاتی عہدیدارموجود تھے ۔