کے ٹی آر نے اوپل میں Genpact اسکوائر کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا

   

تلنگانہ میں آئی ٹی شعبہ کی غیر معمولی ترقی، شہر کے اطراف اسکائی ویز کی تعمیر تیزی سے جاری

حیدرآباد۔/13 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد اور ریاست کے دیگر علاقوں میں آئی ٹی شعبہ کی ترقی کو یقینی بنایا ہے۔ کے ٹی آر نے آج اوپل میںGenpact اسکوائر کی تعمیر کیلئے بھومی پوجا میں حصہ لیا۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بہتر سہولتوں کی فراہمی کے نتیجہ میں قومی اور بین الاقوامی ادارے تلنگانہ کا رُخ کررہے ہیں۔ Genpact اور رامکی اسٹیٹس کی جانب سے 2 ملین اسکوائر فیٹ پر کمرشیل آفس تعمیر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر آئی ٹی شعبہ کو فروغ دے رہے ہیں تاکہ یہ شعبہ صرف حیدرآباد تک نہیں بلکہ ریاست کے دیگر علاقوں تک وسعت اختیار کرلے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صنعتوں اور آئی ٹی کمپنیوں کے قیام کے سلسلہ میں GRID پالیسی تیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف مغربی علاقوں تک آئی ٹی شعبہ کی ترقی کے بجائے اسے دیگر علاقوں تک توسیع دینے کے اقدامات کررہی ہے۔ کے ٹی آر نے جنپاکٹ کمپنی کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی اور نئے پراجکٹ کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے ورنگل میں بھی توسیعی منصوبہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مغربی حصہ کی ترقی کیلئے حکومت نے شلپا رامم قائم کیا ہے۔ اسی علاقہ میں بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا گیا۔ اوپل سے نارا پلی تک اسکائی وے کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اوپل میں اسکائی وے کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ آئی ٹی پارکس کی تعمیر کیلئے کئی خانگی ڈیولپرس نے اپنی دلچسپی دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے خانگی ڈیولپرس کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ راچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے تحت سیکوریٹی کونسل قائم کیا جائے گا جو سائبرآباد سیکوریٹی کونسل کے مماثل رہے گا۔ اس موقع پر وزیر لیبر ملا ریڈی، رکن اسمبلی اوپل بی سبھاش ریڈی، پرنسپل سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی جیش رنجن، سابق میئر گریٹر حیدرآباد بی رام موہن اور دوسرے موجود تھے۔ر