کے ٹی آر نے بنڈی سنجے کو لیگل نوٹس روانہ کی

   

اندرون ہفتہ معذرت خواہی نہ کرنے پر سیول اور کریمنل کارروائی کرنے کا انتباہ دیا
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں سنسنی پھیلانے والے ٹیلی فون ٹیاپنگ امور میں مزید ایک پیشرفت ہوئی ہے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کے خلاف لیگل نوٹس روانہ کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بنڈی سنجے ایک ذمہ دار مرکزی وزیر ہیں مگر جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے میرے خلاف من مانی الزامات عائد کئے ہیں ۔ وہ عوامی منتخب نمائندہ ہے بغیر کسی ثبوت کے الزامات عائد کرنا بنڈی سنجے کو زیب نہیں دیتا ۔ صرف اور صرف سیاسی مفاد پرستی کے لیے بنڈی سنجے میرے خلاف بے معنی باتیں کررہے ہیں ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے بنڈی سنجے کو غیر مشروط معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی مستقبل میں اس طرح کے جھوٹے الزامات عائد کرنے سے گریز کرنے پر زور دیا ۔ کے ٹی آر کے وکلاء نے اپنی قانونی نوٹس میں بنڈی سنجے کو مشورہ دیا کہ نوٹس وصول ہونے کے اندرون 7 دن کے ٹی آر کے مطالبات کو قبول کریں ۔ بصورت دیگر سیول اور کریمنل کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ جھوٹے الزامات سے جو نقصان پہونچا ہے اس کی ذمہ داری کو قبول کرنے کا بنڈی سنجے کو مشورہ دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ 8 اگست کو دلکشا گیسٹ ہاوز میں SIT کی تحقیقات میں حاضر ہونے کے بعد مرکزی مملکتی وزیر بنڈی سنجے نے ٹیلی فون ٹیاپنگ کے معاملے میں بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کے خلاف سنسنی خیز الزامات عائد کیا تھا ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں ان کا فون زیادہ تر کے ٹی آر ٹیاپ کرانے کا الزام عائد کیا تھا ۔۔ 2