دونوں غریب بھائی بہن کا ایم بی بی ایس میں داخلہ۔ ماں اور بچوں کی اپیل پر وزیر کا ردعمل
حیدرآباد۔/7 اپریل، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے دونوں بھائی بہن شیخ شعیب اور ثانیہ کے ایم بی بی ایس تعلیمی اخراجات کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ضلع ورنگل کے غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے ان دونوں بھائی بہن کے والدکا گذشتہ سال کورونا بحران کے دوران انتقال ہوگیا تھا۔ ان بچوں کے والد کا نام شیخ شبیر ہے جن کا ضلع ملگو ہیڈکوارٹر پر کمپیوٹر ٹائپنگ انسٹی ٹیوٹ تھا۔ وہ اپنے دونوں بچوں کو ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے۔ بچوں نے بھی والد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔ ثانیہ کو کاکتیہ میڈیکل کالج میں داخلہ ملا جبکہ شیخ شعیب کو ضلع رنگاریڈی کے معین آباد میں واقع ایک خانگی میڈیکل کالج میں کنوینر کوٹہ میںنشست حاصل ہوئی ۔ والد کے انتقال کے بعد ان بچوں کی تعلیم کا مسئلہ پیدا ہوگیا ۔ ان دونوں بچوں نے اپنی ماں زہرہ بیگم کے ساتھ مل کر عوام سے عطیہ دینے کی اپیل کی ہے جس کی خبر مقامی تلگو روز نامہ میں شائع ہوئی۔ اس خبر کو ایک شخص نے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے ان بچوں کی ایم بی بی ایس تعلیم مکمل کرنے کیلئے مالی تعاون کرنے کی اپیل کی۔ جس پر کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر فوری ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ثانیہ اور شعیب کی تعلیمی ذمہ داری قبول کریں گے۔ ساتھ ہی کے ٹی آر نے اپنے آفس اسٹاف کو ہدایت دی کہ وہ ان دونوں بھائی بہن اوران کی ماں کو حیدرآباد طلب کریں۔ ن