کے ٹی آر نے جل پلی میونسپلٹی میں 110 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا

,

   

پینے کے پانی کیلئے 72 کروڑ، سڑکوں کی تعمیر کیلئے 29 کروڑ، انٹیگریٹیڈ مارکٹ کیلئے 4.50 کروڑ روپئے مختص
حیدرآباد ۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے جل پلی میونسپلٹی میں 110 کروڑ روپئے کے مصارف سے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ جل پلی کیلئے بستی دواخانہ قائم کرنے کا اعلان کیا۔ پینے کے پانی کے مسائل کو حل کرنے کا تیقن دیا۔ مختلف ترقیاتی پروگرامس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی، رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی صدر نشین جل پلی میونسپلٹی عبداللہ سعدی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ شہر حیدرآباد کے مصافاتی میونسپلٹیز کو ترقی دینے کیلئے خصوصی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے۔ ضلع رنگاریڈی کے توکوگوڑہ میں اینٹی گریٹیڈ ویج اور نان ویج مارکٹ قائم کی جائے گی۔ پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے 72 کروڑ روپئے کے مصارف سے پائپ لائن کی تعمیر کی جارہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ عوامی مسائل حل کرنے پر ہی اطمینان ملتا ہے۔ لوگ کیا چاہتے ہیں انہیں اچھی سڑکیں، پینے کا پانی، ڈرینج کے مسائل حل ہونا چاہئے۔ اچھے اسکولس، پارکس وغیرہ چاہتے ہیں ساتھ ہی طبی سہولتیں بھی چاہتے ہیں۔ تلنگانہ حکومت ان تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوشش کررہی ہے۔ ساتھ ہی دیہی علاقوں میں قبرستانوں، شمشان گھاٹس تعمیر کرنے، بیشتر سڑکوں کے علاوہ روشنیوں کا خاص انتظام کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاست میں ہمارا گاؤں ہمارا اسکول اسکیم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کابینہ اجلاس میں حیدرآباد کے اطراف و اکناف تمام میونسپلٹیز میں بستی دواخانے قائم کرنے کی چیف منسٹر سے اپیل کی ہے جس کو کے سی آر نے فوری منظوری دے دی ہے۔ جل پلی میں بھی بہت جلد بستی دواخانہ قائم کیا جائے گا۔ 29 کروڑ روپئے کے مصارف سے جل پلی میں مزید ایک نئی روڈ تعمیر کرنے کی منظوری دی جارہی ہے۔ 4.50 کروڑ روپئے کے مصارف انٹگریٹیڈ ویج نان ویج مارکٹ قائم کیا جائیگا۔ن