کانگریس کے گیارنٹی کارڈ کے خلاف باقی کارڈ کی تحریک ، مقامی عوام سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں کانگریس کی گیارنٹی دھوکہ دہی کے خلاف باقی کارڈس مہم کا آغاز کرتے ہوئے ضمنی انتخابات میں ووٹ مانگنے کے لیے پہونچنے والے کانگریس قائدین کو سبق سکھانے کا مشورہ دیا ۔ شیخ پیٹ کے سمتا کالونی میں بی آر ایس کے ایم ایل سی ڈی شراون کے علاوہ اقلیتی قائدین سابق صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق ، سابق صدر نشین ریاستی وقف بورڈ مسیح اللہ خاں کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ کے ٹی آر نے مسلمانوں سے ملاقات کی بی آر ایس کے دور حکومت کے فلاحی کاموں کا تذکرہ کیا اور کانگریس پارٹی کے وعدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت کے 22 ماہ مکمل ہونے کے باوجود کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ریاست کے عوام کو جھوٹے وعدوں کے ذریعہ ہتھیلی میں جنت دکھائی ۔ 100 دن میں وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کا اعلان کیا گیا حکومت کے 700 دن مکمل ہوجانے کوئی بھی وعدہ نہیں کیا گیا خواتین کو ماہانہ 2,500 روپئے معاوضہ دینے کا وعدہ کیا جس کے حساب سے کانگریس حکومت ریاست کی ہر ایک خاتون کو فی کس 55 ہزار روپئے باقی ہے ۔ عمر رسیدہ افراد کو ماہانہ 4 ہزار روپئے پنشن دینے کا وعدہ کیا ۔ اس لحاظ سے فی کس ضعیف شخص کو 44 ہزار روپئے باقی ہے ۔ کالجس کی طالبات کو اسکوٹی دینے کا وعدہ کیا گیا اس سے بھی انحراف کیا گیا ۔ جیسے ہی ضمنی انتخاب منعقد ہورہا ہے ۔ ریاستی وزراء ٹورسٹ کی طرح اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں گھوم رہے ہیں ۔ پھر ایک مرتبہ جھوٹے وعدے کرتے ہوئے جوبلی ہلز کی عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں وہ عوام سے اپیل کررہے ہیں اس مرتبہ دھوکہ نہ کھائیں بلکہ دھوکہ دینے والی کانگریس کو شکست دیتے ہوئے سبق سکھائیں ۔۔ 2