کے ٹی آر نے جی ایچ ایم سی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کردیا ، 108 حلقوں پر کامیابی کا نشانہ

,

   

تین پارلیمانی حلقوں کی نمائندگی کرنے والے پارٹی ارکان اسمبلی کا جائزہ اجلاس ، زیر التواء کاموں کی تکمیل پر زور

حیدرآباد ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے جی ایچ ایم سی کے مجوزہ انتخابی مہم کا عملاً آغاز کردیا ۔ جاریہ سال کے اواخر تک غریب عوام میں تقسیم کیلئے 85 ہزار ڈبل بیڈروم مکانات تیار ہوجانے کا دعوی کیا ۔ آج انہوں نے حیدرآباد ، سکندرآباد اور چیوڑلہ پارلیمانی حلقوں میں واقع اسمبلی حلقوں میں جاری ترقیاتی و تعمیری کاموں کے پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی حدود میں واقع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیرات میں تیزی پیدا کریں اور ساتھ ہی استففادہ کنندگان کا بھی جلد از جلد انتخاب کرنے پر زور دیا ۔ کے ٹی آر نے حلقوں کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں زیر التواء کاموں کی یکسوئی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کریں ۔ اگر کوئی مسائل حل ہونے سے قاصر رہے تو ان کے علم میں لائیں وہ ان مسائل کی یکسوئی میں مکمل مدد کرنے کیلئے تیاررہیں ۔ اسمبلی حلقوں میں موجود پارکس اور تالابوں کے تحفظ اور ترقی اور خوبصورتی کو فروغ دینے کے معاملے میں اہم رول ادا کریں ۔ لاک ڈاؤن کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سڑکوں ، فلائی اوورس اور برجس کی تعمیرات کو جنگی خطوط پر تکمیل کیا گیا ۔

جس پر عوام نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو ہدایت دی کہ نالوں، ڈرینج کے کاموں اور پینے کے پانی کی سربراہی پر خصوصی توجہ دیں ۔ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو حل کرنے میں پیش پیش رہے ۔ پانچ سال کے دوران جو بھی ترقیاتی و تعمیری کام ہوئے ہیں اس کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کریں ۔ ارکان اسمبلی نے بھی اپنے حلقوں کے مختلف مسائل سے کے ٹی آر کو واقف کرایا ۔ طویل عرصے سے زیر التواء مسائل کے علاوہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے معاملے میں عوامی مطالبات پر بھی روشنی ڈالی ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے تمام ارکان اسمبلی کو مشورہ دیا کہ وہ زیر التواء مسائل اور عوامی مطالبات پر فہرست تیار کریں وہ بہت جلد ایک اور اجلاس طلب کرتے ہوئے اس اجلاس میں محتلف محکمہ جات کے عہدیادروں کو بھی مدعو کریں اور مسائل کی یکسوئی کیلئے ٹھوس اقدامات کریں گے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کے ٹی آر نے مجوزہ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں 108 بلدی حلقوں پر کامیابی کا نشانہ مختص کرتے ہوئے پارٹی کے ارکان اسمبلی ارکان پارلیمنٹ اور ارکان قانون ساز کونسل کو عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کرانے ڈبل بیڈروم مکانات کی تکمیل پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ہے ۔ اس اجلاس میں ریاستی وزراء محمد محمود علی ، سبیتا اندرا ریڈی ، سرینواس یادو ، رکن اسمبلی ناگویندر کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔