چیف منسٹر اور کویتا نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کیڈر کی جانب سے ریاست بھر میں بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کی سالگرہ تقریب بڑے پیمانہ پر منائی گئی ۔ بی آر ایس کے ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کے ٹی آر نے کیک کٹ کیا۔ پارٹی کے قائدین نے کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ بھون پہنچنے سے قبل اپنے ارکان خاندان کے ساتھ فارم ہاؤز پہنچ کر اپنے والد کے سی آر اور والدہ سے ملاقات کی ، ان کے قدم چومتے ہوئے آشیرواد حاصل کیا۔ اس موقع پر کے ٹی آر کی شریک حیات کے علاوہ ان کے فرزند بھی موجود تھے۔ کے سی آر نے اپنے بیٹے کے ٹی آر کو آشیرواد دیتے ہوئے گلے لگالیا اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بعد ازاں کے ٹی آر تلنگانہ بھون پہنچے ، جہاں پر پارٹی کے قائدین نے ان کا شاندار خیرمقدم کیا۔ کے ٹی آر پارٹی قائدین کے ساتھ کیک کاٹا۔ اس موقع پر سابق ریاستی وزراء ، بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ اضلاع کے قائدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ کے ٹی آر نے انہیں مبارکباد دینے والے عوام سے اظہار تشکر کیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ کے ٹی آر کی بہن و بی آر ایس کی ایم ایل سی کویتا نے بھی سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بھائی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ریاست کے مختلف اضلاع میں بھی بی آر ایس پارٹی کے قائدین اور کارکنوں کی جانب سے کے ٹی آر کی سالگرہ تقریب منائی گئی ۔2