جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے علاوہ مقامی اداروں کے انتخابی حکمت عملی پر غور
حیدرآباد۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے آج ایراولی فارم ہاوز پہنچ کر پارٹی کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی۔ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں پارٹی کی شکست کی وجوہات سے انہیں واقف کرایا۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کے ٹی آر نے کویتا کی جانب سے ہریش راؤ پر بار بار الزامات عائد کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ کے ٹی آر نے جوبلی ہلز میں گزشتہ دو ماہ سے چلائی جانے والی انتخابی مہم کی تفصیلی رپورٹ کے سی آر کو پیش کی۔ کے سی آر نے مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں بھی کے ٹی آر سے تبادلہ خیال کیا۔ کے سی آر نے کے ٹی آر کو مشورہ دیا کہ آئندہ 2 ، 3 دن میں وہ تلنگانہ بھون میں بی آر ایس کے قائدین کا اجلاس طلب کریں جس میں جوبلی ہلز کی ناکامی اور مقامی اداروں کے انتخابی حکمت عملی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کے سی آر نے پارٹی کی جانب سے جوبلی ہلز میں چلائی گئی انتخابی مہم پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ عوام بی آر ایس کے ساتھ تھے مگر انتخابی بے ضابطگیوں کی وجہ سے کانگریس کامیاب ہوئی ہے۔ اس سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ پارٹی کے تمام قائدین کو جو بھی ذمہ دی گئی تھی انہوں نے اس کو بخوبی نبھایا۔ جوبلی ہلز کی شکست کو بھول کر پارٹی کو مقامی اداروں کے انتخابات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ 17 یا 18 نومبر کو بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر تلنگانہ بھون میں پارٹی قائدین کا ایک اجلاس طلب کرنے پر غور کررہے ہیں۔ 2
