حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) سابق وزیر داخلہ اور ٹی آر ایس کے سینئر لیڈر این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی ان کی ہے اور اس کے عہدے بھی انہیں حاصل ہوں گے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ کے ٹی آر نے انہیں حالیہ بیان کے بارے میں سوال کیا تھا۔ نرسمہا ریڈی نے وزارت میں شمولیت کے سلسلہ میں کے سی آر پر دھوکہ دہی کا الزام لگایا تھا ۔ نرسمہا ریڈی نے وضاحت کی کہ غیر رسمی بات چیت میں انہوں نے جو باتیں کہی تھیں ، اسے بڑھا چڑھاکر پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور پارٹی انہیں جو بھی عہدہ دے گی ، وہ اسے قبول کریں گے جس میں آر ٹی سی صدرنشین کا عہدہ کیوں نہ شامل ہو۔ نرسمہا ریڈی نے کہا کہ اگر چیف منسٹر انہیں بلاکر بات کرتے ہیں تو وہ موجودہ صورتحال پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔
موتی لال نہرو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں اسسٹنٹ پروفیسرس کے تقررات
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) موتی لال نہرو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (الہ آباد) میں کنٹراکٹ کی بنیاد پر اسسٹنٹ پروفیسرس کی 108 جائیدادوں پر تقررات کیلئے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں جس کی تفصیل اس طرح ہے۔ اپلائیڈ میتھامیٹکس، بائیو ٹیکنالوجی، کیمیکل، سیول، سی ایس ای، ای ای ای، ای سی ای، ہیومانیٹیز اینڈ سوشل سائنسیس، کیمیکل اور مینجمنٹ وغیرہ ہیں۔ امیدوار کا انتخاب شارٹ لسٹنگ اور انٹرویو کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ درخواستیں آن لائن اور آف لائن داخل کرسکتے ہیں۔ درخواست فیس 500 روپئے ہے اور ادخال درخواست کی آخری تاریخ 4 اکٹوبر 2019ء مقرر ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے ویب سائیٹ www.mnnit.ac.in ملاحظہ کریں۔