عوامی اور کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرکے جیل جانا قابل فخر : سابق وزیر
حیدرآباد ۔ 14 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس حکومت انہیں کسی نہ کسی کیس میں پھنسا کر جیل روانہ کرنے کی سازش کر رہی ہے جس سے وہ خوفزدہ نہیںہیں ۔ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرکے جیل جانے کو فخر محسوس کریں گے ۔ وہ ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کو انہیں گرفتار کرنے کا چیلنج کرتے ہیں ۔ کلکٹر پر حملہ واقعہ میں پولیس نے سابق رکن اسمبلی پی نریندر ریڈی کو گرفتار کیا اور ریمانڈ رپورٹ میں کے ٹی آر کے نام کو بھی شامل کیا جس کے بعد کسی بھی وقت کے ٹی آر کو گرفتار کرنے کی افواہوں کے بعد کے ٹی آر کی قیام گاہ نندی نگر بنجارہ ہلز میں پارٹی قائدین و کارکنوں کا تانتا لگا ہوا ہے ۔ سابق وزیر ٹی ہریش راؤ و بی آر ایس کے دیگر ارکان اسمبلی ارکان کونسل کے ساتھ پارٹی قائدین اور کارکن پہونچکر کے ٹی آر سے ملاقات کی ۔ ملاقات کرنے والوں سے خطاب میںکے ٹی آر نے کہا کہ وہ جانتے ہیں حکومت کسی نہ کسی کیس میں انہیں جیل بھیجنا چاہتی ہے ۔ اس کیلئے وہ ہرگز خوفزدہ نہیں ہے ۔ عوامی و کسانوں کے مسائل پر آواز اٹھاتے ہوئے جیل جانے کو فخر محسوس کریں گے ۔ کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حلقہ کوڑنگل سے چیف منسٹر اور کانگریس حکومت کے زوال کا آغاز ہوگیا ۔ وہ حکومت کی ناکامیوں کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے ۔ بی آر ایس عوام کے درمیان رہے گی ۔ کانگریس حکومت عوام کی زندگیوں کو اجیرن بناکر ایک سالہ جشن منارہی ہے ۔ زرعی شعبہ تباہی کے دہانے پر پہونچ گیا ۔ ملازمتوں کیلئے بیروزگار طلبہ پریشان ہیں ۔ ریاست پر قرض کا بوجھ دن بہ دن بڑھتا جارہا ہے ۔ ملازمین کو ڈی اے بقایا جات اور پی آر سی کا اعلان نہیں کیا گیا ۔ حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ مطمئن نہیں ہے ۔۔ 2