کارگذار صدر فورم کا دعوت نامہ ۔ تلنگانہ کی معاشی ترقی میں ٹکنالوجی کے استعمال کی ستائش
حیدرآباد۔19 ستمبر(سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ کو ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس 2022 میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ورلڈ اکنامک فورم کے کارگذار صدر مسٹر بورج برنڈے نے وزیر آئی ٹی کو روانہ دعوت نامہ میں 17تا21 جنوری سالانہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ورلڈ اکنامک فورم کا سالانہ اجلاس داؤس (سنگاپور) میں منعقد ہوگا ۔عالمی معاشی فورم کے دعوت نامہ میں کے ٹی آر کی ستائش کرتے ہوئے کہا گیا کہ تلنگانہ نے کورونا وباء سے متاثرمعیشت کے استحکام کیلئے ٹکنالوجی کا استعمال کرکے قلیل مدت میں معاشی تباہی سے ریاست کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ہندستان میں کورونا وائرس وباء کے دوران تلنگانہ نے مسٹر کے ٹی راما راؤ کی قیادت میں کئی اہم سنگ میل طئے کئے ہیں جو کہ قابل تقلید ہیں۔عوامی مفادات کیلئے ٹکنالوجی کے استعمال کے فوائد اور معاشی استحکام میں ٹکنالوجی کے کردار کو ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے اہم موضوع سالانہ کانفرنس 2022 میں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے ورلڈ اکنامک فورم سے دعوت نامہ ملنے پر اسے تلنگانہ کیلئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی فورم میں تلنگانہ کو مدعو کیا جانا ریاست میں سرمایہ کارو ںکو راغب کرنے کا ایک اور موقع ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس اہم عالمی فورم پر وہ تلنگانہ کی صنعتی پالیسی کے سبب صنعتکارو ںکو سہولتوں سے عالمی برادری کو واقف کروائیں گے جو ایک بہترین موقع ہوگا۔ریاستی وزیر نے بتایا کہ ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے تلنگانہ کی معیشت کے متعلق جو کہا گیا وہ تلنگانہ کی معاشی پالیسی بہتر ہونے کی تصدیق ہے اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے کورونا وباء کے سبب پیدا معاشی بدحالی سے نمٹنے ٹکنالوجی کا جس انداز میں استعمال کیا گیا ہے اسے بھی ورلڈ اکنامک فورم نے نوٹ کیا ہے۔