کے سی آر خاندان میں قیادت کی جنگ، بھائی اور بہن ایک دوسرے کی قیادت قبول کرنے تیار نہیں، فون ٹیاپنگ میں جلد اہم انکشافات، دہلی میں ریونت ریڈی کی میڈیا سے بات چیت
تلنگانہ کے مفادات کیلئے دہلی اجلاس میں شرکت، کے سی آر نے 700 ٹی ایم سی پانی رائلسیما منتقل کیا، میں ڈرنے والا چیف منسٹر نہیں ہوں
حیدرآباد ۔ 17۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر خاندان میں قیادت کے مسئلہ پر جنگ جاری ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے سی آر قائد اپوزیشن کے عہدہ پر کے ٹی آر کو فائز کرنے کیلئے تیار کیوں نہیں ہیں۔ نئی دہلی میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کے سی آر خاندان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ رکن کونسل کویتا کو خود ان کے خاندان میں اہمیت نہیں دی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر اپنی بہن کویتا کی قیادت کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ کے ٹی آر بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ ہیں یا سلیپنگ پریسیڈنٹ ہیں ، وہ نہیں جانتے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انہیں شخصی طور پر کسی سے دشمنی یا اختلاف نہیں ہے۔ کے سی آر میرے لئے سیاسی حریف کے علاوہ کچھ نہیں ہیں۔ تلنگانہ ریاست کے لئے کے سی آر نے جتنا نقصان کرنا تھا کردیا۔ 2004 سے 2014 تک 700 ٹی ایم سی پانی غیر قانونی طور پر رائلسیما منتقل کیا گیا ۔ کے سی آر نے پانی کے مسئلہ پر ریاست کے ساتھ جو ناانصافی کی ہے ، اسے کسان کبھی معاف نہیں کریں گے۔ چیف منسٹر نے کے ٹی آر کے اطراف ڈرگس گینگ کی موجودگی کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اطر اف موجود لوگ ڈرگس کا استعمال کرتے ہیں، لہذا ان کی باتوں کو اہمیت دینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ڈرگس کی جانچ کیلئے چیلنج پر کے ٹی آر نے راہِ فرار اختیار کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کے قریبی دوست کیدار کی ڈرگس کے استعمال کے سبب دبئی میں موت واقع ہوئی لیکن فارنسک رپورٹ کو تبدیل کردیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر جگدیش ریڈی سوڈا سربراہ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں جانتے۔ چیف منسٹر نے آندھراپردیش کے وزیر نارا لوکیش سے کے سی آر کی تاریکی میں خفیہ ملاقاتوں کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر نے آدھی رات کو نارا لوکیش سے تین مرتبہ ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ رازدارانہ ملاقاتوں کی کیا ضرورت تھی۔ لوکیش سے تاریکی میں ملاقات کی کیا مجبوری تھی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی طرح کانگریس حکومت کو مخالفین کے فون ٹیاپنگ کی ضرورت نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکزی وزیر کشن ریڈی کے سی آر کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ تلنگانہ کے آبی مفادات کے تحفظ کیلئے مرکز کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے مستقبل کے لئے وہ مرکز کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ریونت ریڈی نے ان پر بار بار دہلی کا دورہ کرنے سے متعلق الزامات کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزیا وزیر جل شکتی نے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس کا اجلاس طلب کیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کے سی آر خاندان میں قیادت کی جنگ عروج پر ہے۔ کویتا اپنے بھائی کی قیادت کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ کویتا حکومت کے خلاف الزام تراشی کر رہی ہیں جبکہ خود خاندان میں ان کی کوئی اہمیت نہیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ فون ٹیاپنگ اسکام کی جانچ تیزی سے جاری ہے اور عنقریب حقائق منظر عام پر آئیں گے۔ کیس کے معاملہ میں وہ غیر ضروری ہنگامہ آرائی کے حق میں نہیں۔ تاہم مرکزی حکومت رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں پر مرکزی حکومت نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ وہ کسی سے ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں ہیں اور جدوجہد کرنا ان کی زندگی کا اٹوٹ حصہ ہے۔1