حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات مسٹر کے ٹی راما راؤ یکم نومبر کو حضور نگرضلع سوریہ پیٹ ) کا دورہ کریں گے۔ اپنے دورہ حضور نگر کے موقع پر مسٹر کے ٹی راما راؤمنعقدہ پروگراموں کیلئے منعقد کی جانے والی سنگ بنیاد تقاریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے سنگ بنیادیں رکھیں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دنوں حلقہ اسمبلی حضور نگر کیلئے منعقدہ ضمنی انتخاب میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی امیدوار کی بھاری اکثریت سے کامیابی کی مسرت میں رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیلئے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حلقہ اسمبلی حضور نگر کی ترقی کیلئے متعدد وعدے کرنے کے ساتھ ساتھ کئی ایک تیقنات دیئے تھے اور ان وعدوں و تیقنات کو پورا کرنے کے ایک حصہ کے طور پر مسٹر کے ٹی راما راؤ وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات یکم نومبر کو حضور نگر کا دورہ کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حلقہ اسمبلی حضور نگر میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دیئے ہوئے تیقنات اور کئے ہوئے وعدوں کی روشنی میں انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں سے متعلق وزیر تعلیم مسٹر جگدیش ریڈی نے نومنتخبہ رکن اسمبلی حلقہ حضور نگر مسٹر سیدی ریڈی کے ہمراہ جائزہ اجلاس طلب کیا۔ اس اجلاس میں حلقہ اسمبلی حضور نگر کیلئے انتخابی اُمور انچارج و رکن تلنگانہ ریاستی قانون ساز کونسل مسٹرراجیشور ریڈی، صدر نشین ضلع پریشد بھونگیر، مسٹر سندیپ ریڈی، مسٹر رام بابو اور دیگر موجود تھے۔ مسٹر جگدیش ریڈی نے مسٹر کے ٹی راما راؤ کے یکم نومبر کو دورہ حضور نگر کو کامیاب بنانے کی پرزور خواہش کی۔
سدی ریڈی نے حضورنگر کے رکن اسمبلی کا حلف لیا
حیدرآباد۔ 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) حضورنگر اسمبلی حلقے کے ضمنی چنائو میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے والے ٹی آر ایس امیدوار سدی ریڈی نے آج رکن اسمبلی کا حلف لیا۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے اپنے چیمبر میں انہیں حلف دلایا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء جگدیش ریڈی، پرشانت ریڈی، سرینواس گوڑ، محمد محمود علی، ملا ریڈی، کمشنر پولیس انجنی کمار، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور حضورنگر سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اسپیکر نے حلف برداری کے بعد نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے حضورنگر کے عوام کی بہتر طور پر خدمت کریں گے۔ اس سے قبل سیدی ریڈی، گن پارک پر واقع شہیدان تلنگانہ کی یادگار پہنچے اور وزیر برقی جگدیش ریڈی، رکن پارلیمنٹ بی لنگیا یادو اور ارکان اسمبلی کے ہمراہ شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ قبل ازیں صبح میں سیدی ریڈی نے ریاستی وزراء کے ہمراہ اسپیکر کی قیامگاہ پہنچ کر خیرسگالی ملاقات کی تھی۔