کے ٹی آر کا یوسف گوڑہ سے جوبلی ہلز تک آٹو میں سفر

   

شیخ عبداللہ سہیل سے گفتگو ، ویڈیو تیزی سے وائرل

حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے بی آر ایس کے قائد شیخ عبداللہ سہیل کے ساتھ یوسف گوڑہ تا جوبلی ہلز پارٹی آفس تلنگانہ بھون تک آٹو میں سفر کیا اور اقلیتوں کے مسائل پر بات چیت کی ۔ دراصل کے ٹی آر نے پارٹی کے اقلیتی قائدین کا اجلاس طلب کیا تھا ۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں ایک اجلاس سے خطاب کرنے کے بعد وہ آٹو میں تلنگانہ بھون پہونچے ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے اقلیتوں کے مسائل سے کے ٹی آر کو واقف کرایا ۔ کانگریس کے صرف 50 دن کی حکومت میں اضلاع سنگاریڈی اور نلگنڈہ میں اقلیتوں پر ہوئے حملوں کی تفصیلات اور کشیدگی سے واقف کرایا ۔ ریاستی کابینہ میں مسلم نمائندگی کو نظر انداز کردینے کی شکایت کی اور یہ بھی بتایا کہ کانگریس حکومت آہستہ آہستہ اقلیتوں کی تائید سے محروم ہورہی ہے ۔ کیوں کہ کانگریس حکومت نے اقلیتوں سے جو وعدے کئے تھے ان کی پیشرفت کے لیے ابھی تک کوئی ٹھوس اقدامات شروع نہیں کئے گئے۔
انتخابات میں اقلیتوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے انہیں ہتھیلی میں جنت دکھائی گئی ۔ اقتدار حاصل ہوتے ہی انہیں یکسر نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ جس سے کانگریس کے اقلیتی قائدین اور کارکنوں میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔۔ 2