کے ٹی آر کو راکھی باندھنے پر ویمن کمیشن کے 6 ارکان کو نوٹس

   

کمیشن کی ساکھ متاثر، صدرنشین این شاردا کی برہمی، کمیشن کے اقدام پر بی آر ایس ورکنگ پریسڈنٹ کا ردعمل
حیدرآباد 25 اگست (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ ویمن کمیشن این شاردا نے کمیشن سے رجوع ہونے والے بی آر ایس کے ورکنگ پریسڈنٹ کے ٹی آر کو کمیشن کے 6 ارکان کی جانب سے راکھی باندھنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان 6 ارکان کو نوٹس جاری کرنے کمیشن کے سکریٹری کو ہدایت دی جس پر کے ٹی آر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’’راکھی‘‘ پر اتنا ڈر و خوف کیوں ہے۔ کے ٹی آر نے راکھی باندھتے ہوئے تصویر شیئر کی ہے۔ کمیشن کے دفتر پر اراکین کی جانب سے راکھی باندھنے کا مسئلہ سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ہے۔ کے ٹی آر نے خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں بریک ڈانس، ڈسکو ڈانس کرنے کا مشورہ دیا تھا جس پر ویمن کمیشن نے کے ٹی آر کو نوٹس دیتے ہوئے 24 اگست کو کمیشن سے رجوع ہونے کی نوٹس دی تھی جس پر کے ٹی آر ہفتہ کو کمیشن سے رجوع ہوئے اور اپنے ریمارکس پر معذرت خواہی کی جس کے بعد ویمنس کمیشن کے ارکان نے ایک دوسرے پر سبقت لیجاتے ہوئے کے ٹی آر کو راکھی باندھنے میں جوش و خروش دکھائی جس پر بڑے پیمانے پر تنقیدیں ہوئیں۔ صدرنشین ویمنس کمیشن این شاردا نے کمیشن کے خاتون ارکان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں کمیشن کے احاطہ میں غیر جانبدار رہنے کا مشورہ دیا۔ کمیشن کے آفس میں موبائیل فونس لیجانے کی اجازت نہ ہونے کے باوجود خفیہ طور پر فونس لیجاتے ہوئے راکھی باندھنے کی فلمبندی کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ویمنس کمیشن کی ساکھ کو نقصان پہونچانے پر کمیشن کے 6 ارکان کے خلاف نوٹس جاری کی گئی۔ قانونی رائے حاصل کرنے کے بعد اراکین کے خلاف سخت کارروائی کے امکانات ہیں۔ 2