کے ٹی آر کو سرسلہ میں عوامی ناراضگی اور برہمی کا سامنا

   

آئندہ برسات تک تمام مسائل حل کرنے ، گھروں اور فصلوں کے نقصانات کا معاوضہ دلانے کا تیقن
حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بارش سے متاثرہ سرسلہ کا دورہ کرنے والے ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو عوامی ناراضگی اور برہمی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ بارش سے پیدا ہوئے مسائل پر عوام کے ٹی آر سے اُلجھ پڑے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے انہیں صبر و تحمل سے سمجھاتے ہوئے مسائل کو فوری حل کرنے کا تیقن دیتے ہوئے دیکھے گئے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سرسلہ میں تاریخ کی سب سے بڑی بارش ہوئی جس کی وجہ سے پانی گھروں اور دوکانات میں داخل ہوگیا ہے ۔ تھوڑا صبر و تحمل سے کام لیں ۔ آئندہ موسم بارش تک تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جائیں گے ۔ وہ مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ہی پہونچے ہیں ان کے ساتھ اعلیٰ عہدیدار موجود ہیں ۔ تمام مسائل کا باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔ بہت جلد تمام مسائل کی یکسوئی ہوجائے گی ۔ حالیہ بارش سے سرسلہ کا شانتی نگر پوری طرح جھیل میں تبدیل ہوگیا ۔ کے ٹی آر پانی میں دورہ کرتے ہوئے عوام سے ان کے دروازوں کو کھٹکھٹاتے ہوئے ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور بتایا کہ حکومت بھاری فنڈز خرچ کرتے ہوئے تمام مسائل کو حل کرے گی ۔ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہو اس کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ بارش سے جن کے گھروں ، فصلوں کو نقصان پہونچا ہے انہیں حکومت سے معاوضہ دلانے کا تیقن دیا ۔۔ N