حیدرآباد ۔ 3 ۔ نومبر (این ایس ایس) وزیر صنعت و انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کو سوئٹزلینڈ کے شہر ڈاؤس میں آئندہ سال 21 تا 24 جنوری عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کے لئے دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔ اس بین الاقوامی کانفرنس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کیلئے دعوت نامہ موصول ہونے پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ چوتھے صنعتی انقلاب ، ٹکنالوجی ، چیالنجس اور ترقیاتی منصوبے جیسے مسائل پر خطاب کیلئے انہیں دعوت دی گئی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈبلیو ای ایف کی طرف سے 2020 ء میں منعقد شدنی شمسی توانائی سے متعلق 50 ویں سالانہ کانفرنس کا دعوت نامہ بھی موصول ہوا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ماضی میں بھی وہ عالمی اقتصادی فورم کی کانفرنس میں شرکت کرچکے ہیں۔