کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کیلئے نئے سکریٹریٹ کی تعمیر

   

Ferty9 Clinic

رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا الزام، تلنگانہ معاشی بحران کا شکار

حیدرآباد۔14 ۔ اگست (سیاست نیوز) بھونگیر کے کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج سکریٹریٹ میں سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ سے ملاقات کی اور ترقیاتی اسکیمات کے لئے فنڈس کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا کہ ریاست کو قرض میں مبتلا کرتے ہوئے کے سی آر بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے ساتھ حکومت چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے کنٹراکٹرس کو فائدہ پہنچانے کیلئے سرکاری احکامات جاری کئے گئے اور 42,000 کروڑ کا قرض حاصل کرتے ہوئے بے قاعدگیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے کالیشورم پراجکٹ کی لاگت میں اضافہ کرتے ہوئے اپنے قریبی افراد اور کنٹراکٹرس کو فائدہ پہنچایا ہے۔ ریاست مالی بحران کا شکار ہے اور مرکزی حکومت کے عہدیدار خود بھی اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ تلنگانہ کی معاشی صورتحال ٹھیک نہیں ہے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اپنے فرزند کے ٹی راما راؤ کو چیف منسٹر بنانے کیلئے نیا سکریٹریٹ تعمیر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رقومات کو ضائع کرتے ہوئے موجودہ عمارتوں کو منہدم کرنے کی تجویز ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایلم پلی ، دھرما ریڈی اور دیگر پراجکٹس کا کام کنٹراکٹرس کو بلز کی عدم ادائیگی کے سبب روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خزانہ میں کنٹراکٹرس کو رقم ادا کرنے کی گنجائش نہیں ہے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ پراجکٹس کے لئے اراضیات کے حصول پر 50 کروڑ اور کنٹراکٹرس کو 45 کروڑ کی اجرائی باقی ہے۔ انہوں نے سکریٹری فینانس سے دونوں رقومات کی جلد اجرائی کی خواہش کی ۔ انہوں نے کسانوں کے بقایہ جات کی عدم اجرائی کی صورت میں سکریٹریٹ کے گھیراؤ کی دھمکی دی۔ ریاست کی معاشی صورتحال کو ابتر قرار دیتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مدر ڈیری کے کسانوں کو 25 کروڑ روپئے کی اجرائی باقی ہے۔ آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہیں 10 تاریخ کو جاری کی گئی جبکہ سرکاری ملازمین کو عبوری امداد کا اعلان نہیں کیا گیا ۔ حکومت کی جانب سے آروگیہ شری کے بقایہ جات ہاسپٹلس کو جاری نہیں کئے گئے جس کے نتیجہ میں خانگی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس نے غریب عوام کی خدمت کا کام بند کردیا ہے ۔
وزیر فروغ انسانی وسائل نے آر ایس وی پی کے ہاتھوں ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد
حیدرآباد 14 ، اگست (یو این آئی) مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل رمیش پوکھریال نشانک نے اے پی کے تروپتی کی راشٹریہ سنسکرت ودیاپیٹھ (آر ایس وی پی)میں 59.08کروڑ روپئے مالیت کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ان کاموں میں 29.05کروڑ روپئے نئے ہاسٹل بلاک کی تعمیر اور500طلبہ کی ضروریات کی تکمیل کیلئے ہے۔ 27.26کروڑروپئے کے صرفہ سے اضافی کلاس رومس کی تعمیر بھی کی جائے گی۔علاوہ ازیں 29لکچر ہالس اور چار کانفرنس ہالس بھی ہوں گے ۔2.32کروڑ روپئے کے صرفہ سے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کیاجائے گاتاکہ ودیاپیٹھ کی باغبانی کی ضروریات کی تکمیل کی جاسکے۔وزیر موصوف نے دونئے شعبہ جات اور ہفتہ طویل سنسکرت تقاریب کا بھی افتتاح کیا۔