کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی قیاس آرائیاں جاری

,

   

نوجوان قائدین کو مئی میں اچھی خبر کی اُمید، یادادری مندر کے افتتاح کے بعد تبدیلی کی توقع

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں چیف منسٹر کی تبدیلی سے متعلق برسراقتدار پارٹی ٹی آر ایس میں قیاس آرائیاں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ کے ٹی آر کو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کرتے ہوئے کے سی آر کے قومی سیاست میں حصہ لینے سے متعلق پیش قیاسیوں کو اگرچہ چیف منسٹر نے پارٹی اجلاس میں ختم کرنے کی کوشش کی باوجود اس کے ٹی آر ایس کے نوجوان قائدین ابھی بھی پُرامید ہیں کہ بہت جلد کے ٹی آر کو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کیا جائے گا۔ پارٹی کے نوجوان قائدین کے علاوہ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر کے افراد خاندان کا اس سلسلہ میں مسلسل دباؤ جاری ہے۔ پارٹی حلقوں میں یہ بات گشت کررہی ہے کہ مئی کے دوران کسی اچھے مہورت کا انتخاب کرتے ہوئے قیادت میں تبدیلی کی جائے گی۔ کے سی آر نے پارٹی اجلاس میں کہا تھا کہ وہ صحت مند ہیں اور آئندہ 10 برسوں تک چیف منسٹر کے عہدہ پر برقرار رہیں گے۔ چیف منسٹر کے اس بیان کے بعد پارٹی قائدین کی جانب سے کے ٹی آر کے حق میں بیان بازی پر روک لگانے میں کامیابی حاصل ہوئی لیکن پارٹی کے نوجوان قائدین نے اپنی امیدیں ختم نہیں کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 5 ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کے بعد کے سی آر تلنگانہ میں اہم فیصلہ کرسکتے ہیں۔ پانچ ریاستوں کے اسمبلی نتائج کا 2 مئی کو اعلان ہوگا اور ان ریاستوں میں بی جے پی کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ریاست میں قیادت کی تبدیلی کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ واستو پنڈتوں کے مطابق 5 مئی سے اچھے دنوں کا آغاز ہوگا اور اُس دن سے کوئی بھی کام شروع کئے جاسکتے ہیں۔ چیف منسٹر کے ڈریم پراجکٹ یادادری مندر کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل آخری مرحلہ میں ہے اور توقع ہے کہ مئی میں مندر کا افتتاح انجام دیا جائے گا۔ مئی کے پہلے ہفتہ میں مندر کے افتتاح کے بعد کے سی آر توقع ہے کہ چیف منسٹر کے عہدہ پر کے ٹی آر کو فائز کرنے کی کارروائی شروع کریں گے۔ یادادری مندر کے علاوہ نئے سکریٹریٹ کی تعمیر چیف منسٹر کے پسندیدہ پراجکٹس میں شامل ہیں۔ حکومت نے سکریٹریٹ کی تعمیر کا کام بھی تیز کردیا ہے لیکن بعض قانونی اور تکنیکی دشواریوں کے نتیجہ میں نئے کامپلکس کی تعمیر میں وقت لگ سکتا ہے لہذا کے سی آر مزید انتظار کئے بغیر اپنے فرزند کو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کرسکتے ہیں۔ کے ٹی آر اگرچہ سرکاری طور پر چیف منسٹر نہیں ہیں لیکن سرکاری کام کاج کی انجام دہی میں وہ چیف منسٹر کی طرح اہم رول ادا کررہے ہیں۔