حیدرآباد۔/31جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور تلنگانہ امور کے سابق انچارج مانکیم ٹیگور نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کو ہتک عزت کی نوٹس جاری کی ہے۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ 28 جنوری کو سرسلہ میں بی آر ایس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف بعض قابل اعتراض ریمارکس کئے ہیں۔ تلنگانہ کے انچارج کی حیثیت سے ریونت ریڈی کو صدر پردیش کانگریس مقرر کرنے کے سلسلہ میں بھاری رقومات حاصل کرنے کا کے ٹی آر نے مانکیم ٹیگور پر الزام عائد کیا تھا۔ مانکیم ٹیگور نے ہتک عزت کی نوٹس جاری کرتے ہوئے ٹوئٹر پر کے ٹی آر کو فرزند سے مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ فرزند کو ہتک عزت کی نوٹس روانہ کی گئی ہے اگرچہ وہ فارم ہاوز میں تفریح میں مصروف ہوں گے اگر سات دن میں نوٹس کا جواب نہیں دیا گیا تو یہ معاملہ عدالت تک جائے گا۔ نوٹس میں کے ٹی راما راؤ کے ساتھ کوشک ریڈی اور سدھیر کو مدورائی کی عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی کے صدر پردیش کانگریس مقرر کئے جانے کے وقت مانکیم ٹیگور تلنگانہ امور کے انچارج تھے۔ کے ٹی آر اور دیگر قائدین نے الزام عائد کیا تھا کہ بھاری رقومات حاصل کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو صدر پردیش کانگریس مقرر کیا گیا ہے۔ الزامات کی مانکیم ٹیگور نے تردید کی تاہم سرسلہ میں حال ہی میں کے ٹی آر کی جانب سے دوبارہ الزامات دہرانے پر قانونی نوٹس جاری کی گئی۔1