جیون ریڈی کا سوال،ریونت ریڈی کے خلاف انتقامی کارروائی
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے ٹی آر نے قواعد کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے 25 ایکر اراضی پر فارم ہاوز تعمیر کیا ہے۔ اسمبلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ کے ٹی آر نے پُرتعیش زندگی گذارنے کیلئے جی او 111 کی خلاف ورزی کی ہے اس خلاف ورزی کو بے نقاب کرنے پر ریونت ریڈی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی گرفتاری دراصل انتقامی کارروائی ہے اور کانگریس قائدین کو ہراساں کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے حقیقی خاطیوں کو چھوڑ کر عوامی نمائندوں کو گرفتارکیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ غریبوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات ابھی تک تعمیر نہیں کئے گئے پھر کے ٹی آر کو 25 ایکر پر عالیشان فارم ہاوز کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے فائدہ کیلئے کیا کسی بھی قانون کی خلاف ورزی کرسکتی ہے۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی بی سمن نے اعتراف کیا کہ فارم ہاوز کے ٹی آر کا نہیں ہے تاہم وہ کئی برسوں سے اس کا استعمال کررہے ہیں۔ کے سی آر کو ایراولی میں جبکہ فرزند کے ٹی آر کو جنواڑہ میں فارم ہاوز کی کیا ضرورت ہے۔ غریبوں کے لئے ڈبل بیڈ روم مکانات کب تعمیر کئے جائیں گے اس کی پہلے وضاحت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی گرفتاری سپریم کورٹ کے رہنمایانہ خطوط کے خلاف ہے۔ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث کے ٹی آر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ حکومت کو عوامی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑیگا۔اسی دوران رکن اسمبلی سریدھر بابو نے کہا کہ لوک سبھا اجلاس کے دوران رکن پارلیمنٹ کی گرفتاری درست نہیں ہے۔ کسی بھی رکن پارلیمنٹ کی گرفتاری کیلئے اسپیکر سے اجازت ضروری ہے لیکن تلنگانہ پولیس نے تمام اُصولوں کو بالائے طاق رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ثبوت کے بغیر ریونت ریڈی کو گرفتار کیا گیا۔ کانگریس پارٹی حکومت کی بے قاعدگیوں اور اسکیامس کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔